دبئی: یمن کے حوثی گروپ کی جانب سے سعودی آئل ٹینکر پر حملے کے دعوے کے بعد خلیج کی اہم بحری گزرگاہوں آبنائے ہرمز اور باب المندب سے گزرنے والے تجارتی جہازوں کی آمدورفت میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق شپنگ ڈیٹا سے ظاہر ہوتا ہے کہ دونوں اہم بحری راستوں پر گزشتہ روز کے مقابلے میں تجارتی جہازوں کی نقل و حرکت میں واضح کمی دیکھی گئی ہے۔شپنگ ڈیٹا فراہم کرنے والے ادارے کپلر کے مطابق بدھ کے روز صرف دو تجارتی جہاز آبنائے ہرمز سے گزرے۔ ان میں ایک پاناما کے پرچم بردار کوئلہ بردار جہاز آبنائے ہرمز میں داخل ہوا، جبکہ دوسرا مارشل آئی لینڈز کے پرچم والا تجارتی جہاز اس آبی گزرگاہ سے باہر نکلا۔ماہرین کے مطابق خطے میں سیکیورٹی خدشات اور بحری حملوں کے خطرات کے باعث شپنگ کمپنیاں محتاط حکمت عملی اختیار کر رہی ہیں، جس کے نتیجے میں اہم بحری راستوں پر تجارتی سرگرمیوں میں عارضی سست روی دیکھی جا رہی ہے۔