پوپ لیو چہاردہم کا ہیلی کاپٹر کے کاک پٹ میں بیٹھ کر فضائیہ کے پائلٹس سے ملاقات، ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل

پوپ لیو چہاردہم کا ہیلی کاپٹر کے کاک پٹ میں بیٹھ کر فضائیہ کے پائلٹس سے ملاقات، ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل

پیرو: کیتھولک عیسائیوں کے مذہبی پیشوا پوپ لیو چہاردہم نے دورہ لاطینی امریکا کے دوران ایک منفرد انداز اپنا کر سب کو حیران کردیا۔

 پوپ نے پیرو کی فضائیہ کے پائلٹس کے ساتھ ہیلی کاپٹر کے کاک پٹ میں بیٹھ کر وقت گزارا، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر توجہ کا مرکز بن گئی۔غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق پیرو کی فضائیہ نے سوشل میڈیا پر اس موقع کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے کہا کہ ہفتے کے روز پوپ لیو چہاردہم کی پائلٹس کے ساتھ موجودگی ان کے لیے بڑے اعزاز اور ناقابلِ فراموش یادگار کی حیثیت رکھتی ہے۔پوپ لیو چہاردہم گزشتہ روز جنوبی اینڈیز کے پہاڑی علاقے میں واقع تاریخی شہر کسکو پہنچے، جو قدیم انکا تہذیب کا اہم مرکز رہا ہے۔ اپنے دورے کے دوران انہوں نے قدیم انکا قلعے کا بھی دورہ کیا اور علاقے کی تاریخی و ثقافتی اہمیت کا جائزہ لیا۔اس موقع پر اپنے خطاب میں پوپ لیو نے مذہبی روایات کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ موجودہ دور میں مذہب اور عقیدہ معاشرے میں پائی جانے والی تقسیم، زخموں اور بداعتمادی کو ختم کرنے میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ مذہب کا مقصد لوگوں کو ایک دوسرے سے جدا کرنا نہیں بلکہ محبت، عقیدے اور باہمی احترام کی روشنی میں انسانوں کو قریب لانا ہے۔ مذہبی روایات معاشرے میں اتحاد اور ہم آہنگی کے فروغ کا ذریعہ بن سکتی ہیں۔واضح رہے کہ پیرو کا دورہ پوپ لیو چہاردہم کے لیے خصوصی اہمیت رکھتا ہے، کیونکہ وہ 1985 سے 2023 تک طویل عرصے تک پیرو میں مقیم رہے۔ انہوں نے 2015 میں پیرو کی شہریت بھی حاصل کی تھی اور اس دوران مقامی آبادی کے ساتھ گہرے تعلقات قائم کیے۔