پوپ لیو چہاردہم کی چرچ میں جنسی زیادتی کے متاثرین سے ملاقات، تلخ تجربات سنے

پوپ لیو چہاردہم کی چرچ میں جنسی زیادتی کے متاثرین سے ملاقات، تلخ تجربات سنے

لیما: کیتھولک مسیحیوں کے روحانی پیشوا پوپ لیو چہاردہم نے جنوبی امریکی ملک پیرو کے دارالحکومت لیما میں چرچ کے پادریوں اور مذہبی اداروں کے ارکان کی جانب سے جنسی زیادتی کا نشانہ بننے والے چھ افراد سے ملاقات کی اور ان کے تکلیف دہ تجربات سنے۔

ویٹیکن کے پریس آفس کے مطابق یہ ملاقات لیما میں واقع اپوسٹولک نونشی ایچر میں ہوئی، جو ایک گھنٹے سے زائد وقت تک جاری رہی۔ اس دوران پوپ لیو چہاردہم نے چھ متاثرین میں سے ہر ایک سے انفرادی طور پر ملاقات کی اور ان کے ساتھ پیش آنے والے واقعات، مشکلات اور ان پر گزرنے والی اذیت کے بارے میں تفصیلات معلوم کیں۔ویٹیکن کے بیان کے مطابق ملاقات میں متاثرین کو درپیش مسائل، ان کی شکایات اور چرچ کی جانب سے ان کے ساتھ کیے جانے والے سلوک پر بھی گفتگو ہوئی۔ اس موقع پر اس بات پر تبادلہ خیال کیا گیا کہ متاثرین کی آواز مؤثر انداز میں سننے، واقعات کی حقیقت سامنے لانے اور انہیں انصاف فراہم کرنے کے لیے کیا اقدامات کیے جاسکتے ہیں۔ملاقات میں متاثرین کی ذہنی اور جذباتی بحالی کے ساتھ چرچ کے مذہبی اداروں میں محفوظ ماحول قائم کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا، تاکہ مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام ممکن بنائی جاسکے۔

پوپ لیو چہاردہم نے متاثرین کی جانب سے اپنے تجربات بیان کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا اور ان کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ نہ صرف ان چھ افراد بلکہ ان تمام متاثرین کے ساتھ بھی ہمدردی رکھتے ہیں جن سے اس موقع پر ملاقات ممکن نہیں ہوسکی۔واضح رہے کہ دنیا کے مختلف ممالک میں چرچ کے پادریوں اور مذہبی اداروں کے ارکان پر جنسی زیادتی کے الزامات سامنے آتے رہے ہیں، جبکہ ان واقعات سے نمٹنے کے لیے چرچ کے ادارہ جاتی ردعمل، شفافیت اور احتساب پر بھی طویل عرصے سے سوالات اٹھائے جاتے رہے ہیں۔