اردن میں فوجی تربیتی مشق کے دوران بلیک ہاک ہیلی کاپٹر تباہ، 2 پائلٹس کی ہلاکت کی اطلاعات

اردن میں فوجی تربیتی مشق کے دوران بلیک ہاک ہیلی کاپٹر تباہ، 2 پائلٹس کی ہلاکت کی اطلاعات

عمان: اردن کی مسلح افواج کا بلیک ہاک ہیلی کاپٹر فوجی تربیتی مشق کے دوران گر کر تباہ ہوگیا، حادثے میں دو فوجی پائلٹس کے جاں بحق ہونے کی ابتدائی اطلاعات سامنے آئی ہیں، تاہم اردن کی فوج نے تاحال جانی نقصان کی باضابطہ تصدیق نہیں کی۔

اردن کی مسلح افواج کے جنرل کمانڈ کے مطابق ہیلی کاپٹر بدھ کے روز معمول کی فوجی تربیتی مشق کے دوران حادثے کا شکار ہوا۔ واقعے کے فوراً بعد متعلقہ امدادی ٹیموں نے جائے حادثہ پر کارروائی شروع کردی اور صورتحال سے نمٹنے کے لیے ضروری اقدامات کیے گئے۔ابتدائی اطلاعات میں حادثے کے نتیجے میں دو فوجی پائلٹس کی ہلاکت کا دعویٰ کیا گیا ہے، تاہم فوج کے سرکاری بیان میں اس حوالے سے کوئی حتمی تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔اردن کی سرکاری خبر رساں ایجنسی پیٹرا کے مطابق فوجی حکام نے بتایا ہے کہ حادثے کی مزید تفصیلات مناسب وقت پر جاری کی جائیں گی۔