ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کی کھلی کچہری، عوامی شکایات پر 738 اہلکاروں کو مقدمات کا سامنا
لاہور (کرائم رپورٹر) ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کی فیس بک لائیو کھلی کچہری منعقد ہوئی، جس میں پاکستان سمیت امریکہ، جنوبی افریقہ اور دیگر ممالک سے شہریوں نے براہ راست شرکت کی۔ اس موقع پر شہریوں نے پولیس کے رویے، مقدمات کے اندراج اور تفتیش سے متعلق شکایات پیش کیں، جبکہ امن و امان، پولیس کی کارکردگی اور عوامی سہولیات کے حوالے سے تجاویز بھی دیں۔ ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے کہا کہ لاہور پولیس میں احتساب کا عمل تیزی سے جاری ہے اور اب تک 1106 اہلکاروں کے خلاف محکمانہ کارروائی کی جا چکی ہے، جبکہ عوامی شکایات درست ثابت ہونے پر 738 اہلکاروں کو مقدمات کا سامنا بھی کرنا پڑا۔ ہر شکایت کی انکوائری کی جاتی ہے اور قصوروار اہلکاروں کے خلاف محکمانہ و قانونی کارروائی عمل میں لائی جاتی ہے۔ کارروائی کا سامنا کرنے والے اہلکاروں کو دوبارہ عوامی رابطے والی سیٹوں پر تعینات نہیں کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ براہ راست رابطے کی سہولت کے باعث شہری اب بلاخوف پولیس اہلکاروں کے خلاف شکایات درج کرا رہے ہیں۔ ڈی آئی جی آپریشنز نے 1994 کے قتل کے مقدمے میں اشتہاری ملزمان کی گرفتاری کے لیے خصوصی ٹیم تشکیل دینے کی بھی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ پرانے مقدمات کو بھی ترجیحی بنیادوں پر دیکھا جا رہا ہے۔ کوشش ہے کہ شہریوں کو براہ راست رسائی، فوری ریلیف اور جواب دہی کے لیے مؤثر پلیٹ فارم فراہم کیا جائے۔ اچھا کام کرنے والے اہلکاروں کی حوصلہ افزائی کی جائے گی، جبکہ غفلت اور بدعنوانی پر سخت احتساب ہوگا۔