لاہور(کرائم رپورٹر)ڈی آئی جی آپریشنز لاہور فیصل کامران نے کہا ہے کہ محفوظ بسنت منانیکیلئے پولیس اور عوام کو ملکر اپنا کردار ادا کرنا ہوگا، قانون کی خلاف ورزی پرکسی کو رعایت نہیں ملے گی، خواہ وہ وردی میں ہو یا عام شہری۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے فیس بک پر آن لائن کھلی کچہری کے دوران شہریوں کی شکایات اور تجاویز کا جواب دیتے کیا۔ڈی آئی جی آپریشنز نے بتایا لاہور میں 12 سے 14 مارچ تک بسنت منانے کا اعلان ہوچکا ہے۔ 15 جنوری سے موٹر سائیکلوں پر حفاظتی راڈ لگانا لازمی ہوگا، شہریوں کی سہولت کیلئے لاہور میں سوسے زائد مقامات پر راڈ لگانے کے کیمپ قائم کیے جائینگے جبکہ بسنت کی تقریبات شہر کے 40 سے زائد پارکس میں بھی منعقد کی جائینگی۔ شہری جرائم اور معاشرتی برائیوں کے خاتمے کیلئے تجاویز دیں، پولیس شکایات اور سفارشات پر فوری کارروائی اور عملی اقدامات یقینی بنائیگی۔ انہوں نے واضح کیا کہ لاہور کے تھانوں میں ٹائوٹ مافیا کیلئے کوئی جگہ نہیں، شہری ایسے عناصر کی نشاندہی کریں، سخت کارروائی کی جائیگی۔