ایس پی منزہ کرامت نے درخواستوں کے فوری حل کیلئے متعلقہ افسروں کو احکامات دیے
لاہور(کرائم رپورٹر) ایس پی ہیڈ کوارٹرز منزہ کرامت نے ڈسٹرکٹ پولیس لائنز میں قائم ہا ئوس آف یونیٹی کے تحت اپنے دفتر میں پولیس افسران و جوانوں کے مسائل سنے اور ان کے فوری حل کیلئے متعلقہ افسران کو احکامات جاری کیے۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ ہا ئوس آف یونیٹی کا مقصد فورس کے انفرادی اور اجتماعی مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنا ہے۔ انہوں نے پیش ہونے والے 11 پولیس افسران و جوانوں کی درخواستوں پر فوری کارروائی کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ اہلکار بلاجھجک اپنے مسائل کے حل کیلئے ایس پی ہیڈ کوارٹرز آفس سے رجوع کر سکتے ہیں۔ ایس پی منزہ کرامت نے پولیس لائن ہسپتال اور ڈے کئیر سنٹر کی سہولیات سے بھرپور فائدہ اٹھانے کی تلقین کرتے ہوئے بتایا کہ ہسپتال میں ماہر ڈاکٹرز روزانہ چیک اپ اور علاج کی سہولیات فراہم کر رہے ہیں جبکہ بچوں کیلئے پک اینڈ ڈراپ سروس بھی مہیا کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس لائن میں تعینات نفری کی فلاح و بہبود اور مسائل کا فوری حل اولین ترجیح ہے۔