رشوت خورپولیس اہلکاروں کے خلاف سخت کارروائی کا اعلان

 فرض شناسی کا مظاہرہ کرنے والے اہلکاروں کیلئے انعامات سے نوازا جائے:فیصل کامران 
لاہور (کرائم رپورٹر) ڈی آئی جی آپریشنز لاہور فیصل کامران نے پولیس یونیفارم میں چھپے بھکاریوں اور رشوت خور اہلکاروں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کا اعلان کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ شہریوں سے رشوت طلب کرنے والوں کے خلاف فوری مقدمات درج کیے جائیں گے۔ پولیس لائنز قلعہ گجر سنگھ میں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایماندار اور فرض شناس اہلکار محکمہ پولیس کا فخر ہیں جبکہ وردی کا تقدس پامال کرنے والے عناصر فورس پر بدنما داغ ہیں۔ اجلاس میں تھانوں، ڈولفن اسکواڈ، پیرو فورس اور آپریشن ونگ کے افسران نے شرکت کی۔ ڈی آئی جی نے فرض شناسی کا مظاہرہ کرنے والے اہلکاروں کیلئے انعامات اور حوصلہ افزائی کا اعلان بھی کیا اور بدعنوان عناصر کے خلاف سخت کارروائی کا عندیہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ پولیس کا وقار عوام کے اعتماد سے جڑا ہے اور اس اعتماد کو مجروح کرنے والوں کے ساتھ کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔