مجاہد سکواڈ ، ممنوعہ شیشہ اور فلیورز برآمد، 3ملزم گرفتار

 ناکہ پر مشکوک گاڑی سے حقہ، فلیورز اور سٹکس برآمد، ملزم تھانے منتقل
 لاہور (کرائم رپورٹر) صوبائی دارالحکومت کے داخلی و خارجی ناکہ جات پر سخت چیکنگ کا سلسلہ جاری ہے۔ مجاہد سکواڈ نے ناکہ محمود بوٹی پر کارروائی کرتے ہوئے ایک مشکوک گاڑی سے ممنوعہ شیشہ، حقہ اور مختلف فلیورز برآمد کرکے تین ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ ترجمان ڈولفن کے مطابق ناکہ محمود بوٹی پر پولیس اہلکاروں نے مشکوک گاڑی کو رکنے کا اشارہ کیا، تاہم ملزمان نے فرار ہونے کی کوشش کی جسے ناکام بنا دیا گیا۔ گاڑی کی تلاشی کے دوران شیشہ حقہ، مختلف فلیورز اور سٹکس برآمد ہوئیں۔ گرفتار ملزمان کی شناخت محمود، حمزہ اور قاسم کے نام سے ہوئی ہے، جنہیں برآمد شدہ سامان سمیت مزید قانونی کارروائی کے لیے تھانہ مناواں کے حوالے کر دیا گیا۔ ایس پی موبائلز بلال احمد کا کہنا ہے کہ لاہور کے داخلی و خارجی راستوں پر سخت نگرانی جاری ہے اور مشکوک افراد و گاڑیوں کی چیکنگ یقینی بنائی جا رہی ہے۔