مجاہد سکواڈ ، وزیرآباد سے چوری ہونے والی گاڑی برآمد

لاہور (کرائم رپورٹر) مجاہد اسکواڈ نے ناکہ محمود بوٹی پر کارروائی کرتے ہوئے وزیرآباد سے چوری ہونے والی گاڑی برآمد کرکے ایک ملزم کو گرفتار کرلیا۔ ترجمان ڈولفن پولیس کے مطابق ڈی آئی جی آپریشنز کی ہدایت پر لاہور کے داخلی اور خارجی راستوں پر سرچ اینڈ سویپ کارروائیاں جاری ہیں۔ ناکہ محمود بوٹی پر تعینات اہلکاروں نے دوران چیکنگ ایک مشکوک گاڑی کو رکنے کا اشارہ کیا تو ڈرائیور نے فرار ہونے کی کوشش کی تاہم پولیس اہلکاروں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے اسے قابو کرلیا۔ گرفتار ملزم کی شناخت وقاص کے نام سے ہوئی ہے۔ پولیس کے مطابق برآمد ہونے والی گاڑی وزیرآباد سے چوری کی گئی تھی جس کا مقدمہ تھانہ سٹی وزیرآباد میں درج ہے۔ پولیس نے ملزم کو چوری شدہ گاڑی سمیت مزید قانونی کارروائی کے لیے تھانہ مناواں کے حوالے کردیا۔ ایس پی ڈولفن بلال احمد نے شہریوں سے اپیل کی کہ کسی بھی پریشانی یا مشکوک سرگرمی کی اطلاع فوری پولیس ہیلپ لائن 15 پر دیں۔