مجاہد سکواڈ نے 50 کلو مردہ گوشت برآمد کرلیا

ٹھوکر ناکے پر کارروائی، ملزم اشفاق احمد گرفتار، مردہ بکرے کا گوشت تلف
لاہور (کرائم رپورٹر) لاہور کے شہری مردہ گوشت کھانے سے بال بال بچ گئے۔ مجاہد سکواڈ نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ٹھوکر نیاز بیگ ناکے پر 50 کلو مردہ بکرے کا گوشت برآمد کر لیا۔ترجمان مجاہد سکواڈ کے مطابق، مردہ مٹن گوشت لاہور منتقل کرنے والا ملزم اشفاق احمد رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا گیا۔ ملزم رکشہ میں مردہ گوشت شہر میں سپلائی کرنے کی کوشش کر رہا تھا۔پولیس نے مضر صحت گوشت کو تلف کر دیا جبکہ مزید کارروائی کے لیے محکمہ فوڈ کو بھی موقع پر طلب کر لیا گیا۔ایس پی مجاہد نے بتایا کہ داخلی و خارجی راستوں کی کڑی نگرانی کے لیے موثر اقدامات جاری ہیں تاکہ کسی بھی قسم کی غیر قانونی سرگرمی کو بروقت روکا جا سکے۔ملزم اشفاق احمد کو قانونی کارروائی کے لیے تھانہ چوہنگ پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے، جہاں اس کے خلاف متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا۔