میررضا قتل کیس : سابق ایس ایچ او کامران قریشی ملازمت سے برطرف

ایڈیشنل انسپکٹر جنرل نے انکوائری رپورٹ کی روشنی میں برطرفی کے احکامات جاری کردئیے
کراچی (آئی این پی )کراچی کے علاقے گلستانِ جوہر میں نوجوان میر رضا علی کے قتل کے مقدمے میں جائے وقوعہ کو محفوظ بنانے اور کرائم سین یونٹ کو طلب نہ کرنے پر سابق ایس ایچ او گلستانِ جوہر سب انسپکٹر کامران قریشی کو ملازمت سے برطرف کردیا گیا۔ایڈیشنل انسپکٹر جنرل پولیس کراچی رینج آزاد خان نے انکوائری رپورٹ اور محکمانہ کارروائی کی روشنی میں برطرفی کے حتمی احکامات جاری کردئیے۔محکمانہ حکم نامے کے مطابق سب انسپکٹر کامران قریشی اس وقت تھانہ گلستانِ جوہر ضلع شرقی میں ایس ایچ او تعینات تھے۔ ان پر الزام تھا کہ 29 جولائی 2026 کو گلستانِ جوہر بلاک ون میں شادی قلعہ گرائونڈ کے قریب جھاڑیوں سے 25 سالہ میر رضا علی ولد میر حسین کی دو روز پرانی گولی لگی لاش ملنے کے واقعے میں انہوں نے بطور ایس ایچ او اپنی ذمہ داریاں پوری نہیں کیں۔