مال مقدمہ میں ہیر پھیر سابق ایس ایچ او سمیت 6 اہلکار برطرف

فیصل آباد (خصوصی رپورٹ) مال مقدمہ میں ہیر پھیر کرکے منشیات فروخت کرنے کے الزام میں تھانہ گلبرگ کے سابق ایس ایچ او اور محرر سمیت چھ پولیس ملازمین کو ملازمت سے برطرف کردیا گیا۔تفصیلات کے مطابق تھانہ گلبرگ میں تعینات پولیس کانسٹیبل کاشف کو دن دیہاڑے ایس ایچ او کی زیر استعمال گاڑی میں مال مقدمہ سے خورد برد کی گئی چرس فروخت کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑا گیا تھا۔ اس واقعے پر سی پی او فیصل آباد نے ایس ایس پی آپریشنز کو انکوائری کا حکم دیا تھا۔ ابتدائی انکوائری میں منشیات کی برآمدگی کے معاملے میں قصوروار ثابت ہونے پر ایس ایچ او تھانہ گلبرگ انسپکٹر عبدالغفار، محرر ترسیم، سب انسپکٹر محمد علی، اے ایس آئی سہیل اور کانسٹیبلان محبوب و کاشف کو ملازمت سے برطرف کردیا گیا۔ معاملے کی مزید تحقیقات جاری ہیں، جس کے بعد تفصیلی رپورٹ جاری کی جائے گی۔