سینٹرز کیلئے مختلف اشیا کی خریداری میں ٹینڈرنگ کا قانونی طریقہ کار اختیار نہیں کیاگیا،سامان کی واپسی کا کوئی سٹاک رجسٹر دستیاب نہیں
کورونا ویکسی نیشن مہم کیلئے کابینہ کمیٹی نے بھی منظوری دی تھی،سینٹرز بند ہونے کے بعد تمام سامان واپس ، سٹاک رجسٹر میں درج کر دیا گیا:ترجمان محکمہ صحت
لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) کورونا ویکسی نیشن سینٹرز کیلئے خریداریوں میں مبینہ بے ضابطگیاں، پرائمری اینڈ اسکنڈری کے ذیلی ادارے نے7 کروڑ 87 لاکھ 84 ہزار 720 کی خریداری کی، کورونا ویکسی نیشن سینٹرز کیلئے 2 کروڑ 43 لاکھ 16 ہزار 120 کا آئی ٹی سامان بھی خریدا گیا۔جاری ہونے والی آڈٹ رپورٹ کے مطابق کورونا ویکسی نیشن سینٹرز کیلئے مختلف اشیا کی خریداری میں ٹینڈرنگ کا قانونی طریقہ کار اختیار نہیں کیاگیا،ہیلتھ انفارمیشن اینڈ سروس ڈلیوری یونٹ کی جانب سے خریداری کی گئی،سال 2019سے 2021کے دران پیپرس رولز کی خلاف ورزی کا معاملے کی نشاندہی کی گئی،خریداری کیلئے پیپراکی ویب سائٹ واخبارات میں اشتہار شائع نہیں کروایا گیا،رول کے تحت 3لاکھ سے زائد کی خریداری کیلئے اشتہار دینا لازم ہے،خریداری کے عمل میں ٹینڈرنگ سے بچنے کوشش کی نشاندہی کی گئی۔جاری ہونے والی آڈٹ رپورٹ کے مطابق کورونا ویکسی نیشن سینٹرز کیلئے 2 کروڑ 43 لاکھ 16 ہزار 120 کا آئی ٹی سامان بھی خریدا گیا،سامان میں 138 ڈیسک ٹاپ کمپیوٹرز، 10 لیپ ٹاپس اور 38 پرنٹرز ،دیگر اشیا شامل،سینٹرز بند ہونے کے بعد سامان کی واپسی کا کوئی سٹاک رجسٹر دستیاب نہیں ،خریداری کا عمل مارچ 2021 میں شروع ہوا تھا ،ٹھیکیداروں سے معاہدے 28 اپریل اور 4 مئی 2021 کو کیے گئے۔ترجمان محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ کورونا ویکسی نیشن مہم کیلیے کابینہ کمیٹی نے بھی منظوری دی تھی،سینٹرز بند ہونے کے بعد تمام سامان واپس لیکر سٹاک رجسٹر میں درج کر دیا گیا۔