سروائیکل کینسر سے بچاؤ کی ویکسی نیشن مہم میں توسیع کا فیصلہ

 پنجاب، سندھ، آزاد جموں و کشمیر، اسلام آباد میں   ویکسینیشنمہم کی مدت میں توسیع کی جائے گی
اسلام آباد (نیٹ نیوز ) حکومت نے ہدف حاصل نہ ہونے پر سروائیکل کینسر سے بچاؤ کی ویکسینیشن مہم کی مدت میں توسیع کا فیصلہ کرلیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ صوبوں کی جانب سے ایچ پی وی ویکسینیشن مہم کی مدت میں توسیع کی اپیل کی گئی، پنجاب، سندھ، آزاد جموں و کشمیر، اسلام آباد میں مہم کی مدت میں توسیع کی جائے گی، قومی انسداد سروائیکل کینسر ویکسینیشن مہم کی مدت میں توسیع کا فیصلہ ہدف حاصل نہ کیے جانے پر کیا گیا۔ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ سندھ حکومت نے مہم کی مدت تین دن بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے جس کے تحت مہم 30 ستمبر تک جاری رہے گی، صوبائی حکومت اس حوالے سے وفاق کو آگاہ کرے گی، اسی طرح اسلام آباد میں ایچ پی وی مہم کی مدت 3 سے 7 دن تک بڑھانے کی تجویز ہے، پنجاب اور آزاد جموں و کشمیر میں بھی 3 سے 7 روز کی توسیع کا امکان ہے۔بتایا جارہا ہے کہ ملکی تاریخ کی پہلی انسداد سروائیکل کینسر مہم 15 تا 27 ستمبر چلائی گئی، اس دوران 1 کروڑ 17 لاکھ سے زائد بچیوں کی ویکسینیشن کا ہدف رکھا گیا تاہم اس دوران یہ افواہ عام ہوگئی کہ یہ ایک جان لیوا ویکسین ہے، جس کی وجہ سے چند والدین نے یہ ویکسین اپنی بچیوں کو لگوانے سے انکار کیا