عمران خان کو اڈیالہ سے بنی گالہ منتقل کرکے مذاکرات کیے جائیں، وکیل فیصل چوہدری

عمران خان کو اڈیالہ سے بنی گالہ منتقل کرکے مذاکرات کیے جائیں، وکیل فیصل چوہدری

ویب ڈیسک:پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے وکیل فیصل چوہدری نے پارٹی کے بانی چیئرمین عمران خان کی رہائی کے حوالے سے اہم مطالبہ کیا ہے۔

 فیصل چوہدری نے کہا کہ عمران خان کو اڈیالہ جیل سے بنی گالا منتقل کیا جائے تاکہ ان سے مذاکرات کیے جا سکیں، کیونکہ یہ ملک کے مستقبل، جمہوریت اور قانون کی حکمرانی کے لیے ضروری ہے۔انسداد دہشتگردی عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فیصل چوہدری نے مزید کہا کہ شاہ محمود قریشی نے اپنے پیغام میں واضح کیا ہے کہ وہ عمران خان کے ساتھ ہیں اور کارکنان و رہنماؤں سے پرامن احتجاج کی درخواست کی ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پارٹی کے دیگر رہنماؤں جیسے یاسمین راشد، عمر چیمہ، اعجاز چوہدری، محمود الرشید وغیرہ کو سیاسی مقدمات میں قید کیا گیا ہے اور ان کی رہائی کا وقت آ چکا ہے۔ فیصل چوہدری نے حکومت پر الزام عائد کیا کہ وہ جھوٹ بول کر لوگوں کو گمراہ کر رہی ہے، اور اس سلسلے کا خاتمہ ضروری ہے۔

فیصل چوہدری نے نیب حکام سے مطالبہ کیا کہ جعلی مقدمات بنانے پر وہ فوراً استعفی دیں اور ان کے خلاف تادیبی کارروائی کی جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران خان ایک بڑے لیڈر ہیں اور انہیں سیاست میں حصہ لینے کا بنیادی حق حاصل ہے۔اس موقع پر، پی ٹی آئی کے رہنما شاہ محمود قریشی کو جی ایچ کیو گیٹ حملہ کیس کی سماعت کے لیے لاہور جیل سے راولپنڈی منتقل کیا گیا۔ عدالت نے شاہ محمود قریشی کو 25 نومبر کو فرد جرم عائد کرنے کے لیے دوبارہ پیش کرنے کا حکم دیا۔ اس سماعت کے بعد پولیس شاہ محمود قریشی کو واپس لاہور روانہ کر دی۔

شاہ محمود قریشی کے بیٹے زین قریشی اور بیٹی مہر بانو نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ 24 نومبر کی کال بہت اہم ہے۔ زین قریشی نے کہا کہ آئین پر حملہ کیا جا رہا ہے اور 26 ویں ترمیم کے ذریعے ججز کے اختیارات سلب کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت نے وی پی این کو حرام قرار دے کر دوہرے معیار اپنائے ہیں، جب کہ وزیر اعظم اور دیگر ادارے اس کا استعمال کر رہے ہیں۔ زین قریشی نے عوام سے اپیل کی کہ وہ آزاد عدلیہ اور قانونی حکمرانی کے لیے باہر نکلیں۔مہر بانو قریشی نے بھی اس بات کا اعادہ کیا کہ شاہ محمود قریشی نے پاکستانی عوام کو پیغام دیا ہے کہ آئین کی بالادستی کے لیے 24 نومبر کو سڑکوں پر نکلنا ضروری ہے۔