عمران خان نے کہا کوئی ڈیل نہیں ہو رہی، مذاکرات ہمارے مطالبات پر ہونگے، فیصل چوہدری

عمران خان نے کہا کوئی ڈیل نہیں ہو رہی، مذاکرات ہمارے مطالبات پر ہونگے، فیصل چوہدری

ویب ڈیسک:سابق وزیراعظم عمران خان کے وکیل فیصل چوہدری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے واضح کیا ہے کہ کسی بھی قسم کی ڈیل نہیں ہو رہی اور مذاکرات صرف ان کے مطالبات پر ہوں گے۔

 انہوں نے کہا کہ عمران خان نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ مذاکرات انہی سے کیے جائیں گے جن کے پاس اصل طاقت ہے، اور اگر ان کے مطالبات تسلیم کیے جاتے ہیں تو احتجاج ختم کر دیا جائے گا۔فیصل چوہدری نے مزید کہا کہ عمران خان نے 24 نومبر کو ہونے والے احتجاج کی کال دی ہے، جس کا مقصد عوامی حقوق اور جمہوریت کی بحالی ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ احتجاج کے حوالے سے ایک ارب روپے کے اخراجات کی خبریں بے بنیاد ہیں اور ان کا کوئی حقیقت سے تعلق نہیں۔ان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے کہا ہے کہ میڈیا پر ان کی آواز کو دبایا گیا ہے اور سوشل میڈیا پر بھی پابندیاں عائد کی گئی ہیں۔

 فیصل چوہدری نے کہا کہ عمران خان کا موقف یہ ہے کہ 9 مئی کے بعد دوسری بار احتجاج کی کال دی گئی ہے اور ہمیشہ پرامن احتجاج کی کال دی گئی ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اگر مذاکرات کل تک آگے بڑھتے ہیں تو احتجاج نہیں، بلکہ جشن منایا جائے گا، کیونکہ عوام کی خواہش ہے کہ انہیں اپنے حقوق کے لیے آواز اٹھانے کا موقع ملے۔فیصل چوہدری نے یہ بھی کہا کہ اگر مذاکرات کا عمل آگے نہیں بڑھا تو پی ٹی آئی کے لیے احتجاج کرنا واحد راستہ ہوگا، کیونکہ انہیں جلسے کرنے کی اجازت نہیں دی جا رہی اور ملک بھر میں ان کے سیاسی اجتماعات پر پابندیاں عائد کی گئی ہیں۔