پاکستان اور سپین انجینئرنگ، ہائی ویز سمیت دیگر شعبوں میں تعاون میں اضافہ کر سکتے ہیں، ہسپانوی سینیٹرز کے وفد سے گفتگو
اسلام آباد(آئی این پی )وفاقی وزیر نجکاری ، سرمایہ کاری بورڈ و مواصلات عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ پاکستان اور سپین انجینئرنگ، ہائی ویز، اوور ہیڈز سمیت دیگر شعبوں میں دوطرفہ تعاون میں اضافہ کر سکتے ہیں،پاکستان دیگر ممالک کے مقابلہ میں وسیع سرمایہ کاری کے مواقع اور زیادہ پرکشش منافع کمانے کی پیشکش کرتا ہے۔ وفاقی وزیر سے سپین کے سینٹ اراکین کے وفد نے جمعہ کو یہاں ملاقات کی۔اس موقع پر سپین کی سینٹ افیئرز کمیٹی کے اراکین نے وفاقی وزیر عبدالعلیم خان سے باہمی دلچسپی و دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا۔وفد میں سپین کے سینیٹرز ویکنٹ ایزپیٹیراٹ، نطالیہ اسیرو، انٹونونیو گتریز اور لوئیس ڈی لا پینا شامل تھے۔ وفاقی وزیر نے ملاقات میں سپین میں سینٹ اراکین کے انتخاب، ورکنگ اور ادارے کے دیگر امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ عبدالعلیم خان نے کہا کہ پاکستان میں کسی بھی ملک کے مقابلہ میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں جبکہ یہاں پر منافع کی شرح بھی دیگر ممالک کے مقابلہ میں زیادہ ہے،مسائل کے باوجود پاکستان مختلف مصنوعات کی بڑی مارکیٹ اور بزنس کا مرکز بن سکتا ہے۔ہسپانوی سینیٹرز نے وفاقی وزیر سرمایہ کاری بورڈ عبدالعلیم خان سے آئندہ ماہ کے ایکسپو ایونٹ پر بھی تبادلہ خیال کیا۔