زمینی رابطے اب محض انتخاب نہیں بلکہ ناگزیر ضرورت ہیں، اقتصادی اور ڈیجیٹل رابطہ خوشحالی اور استحکام کا بنیادی محرک ہے:استنبول میں خطاب
استنبول(آئی این پی)وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے ترکیہ کی مثالی ترقی اور صدر رجب طیب ایردوان کی قیادت کو سراہا اور کہا کہ زمینی رابطے اب محض انتخاب نہیں بلکہ ناگزیر ضرورت ہیں، اقتصادی اور ڈیجیٹل رابطہ خوشحالی اور استحکام کا بنیادی محرک ہے۔استنبول میں او آئی سی ٹرانسپورٹ وزرا کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے کہا کہ پاکستان جنوبی اور وسطی ایشیا کے سنگم پر علاقائی تجارت کا قدرتی" گیٹ وے" ہے، سی پیک ٹو کے تحت او آئی سی ممالک کے لیے سرمایہ کاری کے مواقع موجود ہیں، وسط ایشیا کا پاکستانی بندرگاہوں سے منسلک ہونا ٹریڈ اور ٹرانزٹ میں اضافے کا باعث ہوگا، گوادر پورٹ وسطی ایشیائی ریاستوں کو گرم پانیوں تک مختصر ترین بحری راستہ فراہم کرتا ہے۔ عبدالعلیم خان نے کہا کہ پاکستان،چین،کرغزستان اور قازقستان کا چہار ملکی اشتراک اہمیت کا حامل ہے، پاکستان او آئی سی ممالک کو گوادر پورٹ کے ذریعے تجارتی سہولیات فراہم کرنے کو تیار ہے۔