(بابا گورونانک کے جنم دن کی تقریبات کاآغاز) تمام مذاہب قابل احترام ،حکومت مذہبی اقلیتوں کے حقوق کی محافظ : سالک حسین

گورو نانک دیو جی کی انسانیت کے لیے تعلیمات قابل فخر ، اقلیتوں کی مذہبی عبادت گاہوں کی تعمیر و تزئین و آرائش کی جا رہی ہے،وفاقی وزیر برائے مذہبی امور
بھارت سے آئے یاتریوں کو خوش آمدید کہتے ہیں،چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ،سکھ تاریخ پاکستان کے بغیر نا مکمل ہے،صوبائی وزیر سردار رمیش سنگھ
گورودارہ جنم استھان کی خوبصورتی دیکھ کر دل خوش ہو گیا، سردار ہرجیت سنگھ، پاکستان نے ہمیں بہت عزت دی ،گرنام سنگھ جسل و دیگرکاتقریب سے خطاب
 شرکاء کے پاکستان زندہ باد، سکھ مسلم دوستی زندہ باد کے نعرے، سکھ رہنماؤں کی طرف سے وفاقی وزیرودیگر میں خصوصی تحائف تقسیم کیے گئے،یاتری آج سچا سوداجائیں گے
لاہور(پبلک نیوز)وفاقی وزیر برائے مذہبی امور چودھری سالک حسین کا کہنا ہے کہ تمام مذاہب قابل احترام ہیں،حکومت پاکستان مذہبی اقلیتوں کے حقوق کی محافظ ہے،متروکہ وقف املاک بورڈ کی مذہبی اقلیتوں کے لیے خدمات قابل تعریف ہیں، یاتریوں کی مہمان نوازی ہمارا قومی فریضہ ہے جسے ہم انجام دیتے رہیں گے ۔ان خیالات کااظہار انہوں نے سکھ مذہب کے بانی بابا گورونانک کے 555ویں جنم دن کی مرکزی تقریب سے اپنے خطاب میں کیا۔وفاقی وزیر چودھری سالک حسین نے کہا کہ بابا گورو نانک دیو جی کی انسانیت کے لیے تعلیمات قابل فخر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اقلیتوں کی مذہبی عبادت گاہوں کی تعمیر و تزئین و آرائش کی جا رہی ہے،گور دوارہ بھائی کرم سنگھ ،گوردواہ بھائی جوگا سنگھ سمیت دیگر گوردواروں کی بحالی کے اقدامات کیے جارہے ہیں۔وفاقی وزیرنے مزیدکہا کہ پاکستان اقلیتوں کے لیے محفوظ ملک ہے، ہم امن اور بھائی چارے کے خواہاں ہیں۔چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ سید عطا الرحمن نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سکھ قوم کو جنم دن کی مبارک دی۔ انہوں نے کہاہم بھارت سے آنے والے یاتریوں کو دل کی گہرائیوں سے پاکستان آمد پر خوش آمدید کہتے ہیں، وفاقی حکومت کی خصوصی ہدایت کی روشنی میں اقلیتوں کی فلاح و بہبود اور دنیا بھر سے آنے والے سکھ یاتریوں کی مہمان نوازی و دیکھ بھال کے لیے خصوصی انتظاما ت کیے ہیں،ننکانہ صاحب میں 100کمروں کی تعمیر سمیت دیگر ترقیاتی کام کروائے گئے ہیں، یاتریوں کو میڈیکل اور رہائش کی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔پاکستان سکھ گورو دوارہ پر بندھک کمیٹی کے پردھان و صوبائی وزیر اقلیتی امور سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے کہا کہ کھیل میں سیاست نہیں آ نی چاہیے،سکھ تاریخ پاکستان کے نام کے بغیر نا مکمل ہے، میں بھارت سمیت پوری دنیا کی سکھ قوم سے اپیل کرتا ہوں کہ کرتا پور میں زیادہ سے زیادہ یاتری آ ئیں گردواروں کو آباد کریں،یاتری پاکستان سے پیار محبت کا پیغام لیکر جائیں گے۔ دہلی گورودارہ مینجمنٹ کمیٹی کے پارٹی لیڈر سردار ہرجیت سنگھ پپا نے کہا کہ گورودارہ جنم استھان کی خوبصورتی دیکھ کر دل خوش ہو گیا ہے، ہماری مذہبی عبادت گاہوں کی حفاظت اور تزین و آرائش پر ہم حکومت پاکستان اور متروکہ وقف املاک بورڈ کے شکر گزار ہیں۔ بھا ئی جوگا سنگھ نے سکھ قوم کو پیغام دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان آ نے سے نہ ڈریں یہاں پر جتنی مذہبی آزادی حاصل ہے وہ کہیں اور میسر نہیں۔شرمنی گردوارہ پربندھک کمیٹی کے پارٹی لیڈر گرنام سنگھ جسل نے کہا کہ سکھ قوم حکومت پاکستان کی شکر گزار ہیں، پاکستان نے ہمیں بہت عزت دی ،یہ ہماری گورو کی دھرتی ہے ،ہمارے مقدس مقامات کی جتنی بھی تعریف کی جائے کم ہے، ہمارا پیغام امن اور بھائی چارے کا پیغام ہے دونوں ملکوں کی عوام امن اور اتحادکے خواہش مند ہیں ۔تقریب سے ارکین صوبائی اسمبلی سمیت دیگر سکھ و سیاسی رہنماؤں نے بھی خطاب کیا جبکہ سیکرٹری متروکہ وقف املاک بورڈ فرید اقبال ، ایڈیشنل سیکرٹری سیف اللہ کھوکھر ،پارلیمانی سیکرٹری سونیا عاشر ، ڈپٹی کمشنراور ہندو رہنما ، ،سکیورٹی آفیسر عاصم چودھری،کیئر ٹیکر گورودارہ ہ عمران نبی سمیت مختلف اقلیتی و سیاسی رہنماؤں اور بورڈ کے افسران نے شرکت کی۔ تقریب کے بعد سکھ مذہبی رسومات کے مطابق نگر کے ارتن کاجلوس بردوارہ جنم استھان سے گردوارا کیارہ صاحب تک لے جایا گیا۔تقریب کے شرکاء نے پاکستان زندہ باد، سکھ مسلم دوستی زندہ باد کے نعرے لگائے۔تقریب کے آخر میں سکھ رہنماؤں کی طرف سے وفاقی وزیر سمیت دیگرشرکاء میں خصوصی تحائف تقسیم کیے گئے۔سکھ یاتری آج ہفتہ کو سچا سودا فاروق آباد کا دورہ کریں گے۔جنم دن کی تقریبات کے موقع پر گردوارہ کے اطراف میں سخت سکیورٹی انتظامات کیے گئے تھے۔ متروکہ وقف املاک بورڈ کی جانب سے ڈاکٹر تنویر کی سربراہی میں میڈیکل کیمپ کا انعقاد کیا گیا۔جنم دن کے موقع پر آ تش بازی کا بھی مظاہرہ کیا گیا۔