پیپلز پارٹی کا نظریہ مساوات تمام مذاہب کے احترام پر مبنی ہے،بلاول بھٹو

 1973 کا دستور ہر شہری کو بلا امتیاز بنیادی حقوق اور مذہبی آزادی کی مکمل ضمانت فراہم کرتا ہے،قومی ترقی میں مسیحی کمیونٹی کا کردار قابلِ فخر ہے
اسلام آباد(آن لائن) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ایسٹر کے موقع پر پاکستان سمیت دنیا بھر کی مسیحی برادری کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ایسٹر ہمیں ایمان، ہمدردی اور قربانی کا درس دیتا ہے، جو گہرے زخموں کو بھی مندمل کر کے ایک روشن مستقبل کی امید پیدا کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کا نظریہ مساوات، مذہبی ہم آہنگی اور تمام مذاہب کے احترام پر مبنی ہے، اور یہی اصول 1973 کے آئین میں بھی محفوظ کیے گئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ 1973 کا دستور ہر شہری کو بلا امتیاز بنیادی حقوق اور مذہبی آزادی کی مکمل ضمانت فراہم کرتا ہے۔بلاول بھٹو زرداری نے مسیحی برادری کی ملک کے لیے خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ تعلیم، صحت، عوامی خدمت اور دفاع سمیت قومی ترقی میں مسیحی کمیونٹی کا کردار قابلِ فخر ہے۔ انہوں نے اس موقع پر مسیحی برادری کو خراجِ تحسین پیش کیا۔چیئرمین پیپلز پارٹی نے اپنے پیغام میں اس عزم کا اظہار بھی کیا کہ ایسٹر کے موقع پر ہمیں اتحاد، رواداری اور شمولیت کے جذبے کو مزید مضبوط کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں مل کر ایک ایسا پاکستان تعمیر کرنا ہوگا جہاں تنوع کو سراہا جائے اور ہر شہری کو وقار، امن اور مساوی مواقع میسر ہوں۔