پاکستان میں تمام اقلیتوں کو مکمل آزادی حاصل ہے،ملک کی ترقی میں اقلیتوں نے بھرپور کردار ادا کیا ہے‘نوجوانوں کیلئے خصوصی سکالرشپس حکومت کی ترجیح ہے:وزیراعظم

 نفرت اوردہشت گردی کی کوئی گنجائش نہیں شہبازشریف
ہمیں اقلیتی برادری پر فخر اور ناز ہے، پاکستان اْجالوں، امن، ہم آہنگی اور برداشت کی سرزمین ہے، دہشت گردی کیخلاف جنگ میں قوم پاک فوج کیساتھ کھڑی ہے:دیوالی کی تقریب سے خطاب‘کیک بھی کاٹا
   صنعتی پیداوار بڑھانے کیلئے جامع و موثر پالیسی سفارشات تشکیل  دی جائیں،  زراعت اور صنعت کے شعبے کو ہر ممکن سہولت بہم پہنچانا حکومت کی اولین تر جیح ہے:وزیراعظم کی اجلاس میں گفتگو
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک‘ایجنسیاں) وزیراعظم شہبازشریف نے کہا ہے  پاکستان میں نفرت اوردہشت گردی کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔وفاقی دارالحکومت میں دیوالی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے ہندوبرادری کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا پاکستان میں تمام اقلیتوں کو مکمل آزادی حاصل ہے،پاکستان کی ترقی میں اقلیتوں نے بھرپور کردار ادا کیا ہے۔ دیوالی خوشی،امن اوررواداری کا خوبصورت پیغام ہے،پاکستان کی تمام سیاسی جماعتوں میں اقلیتوں کو نمائندگی دی گئی ہے، قیام پاکستان سے لے کر تعمیر پاکستان تک ہر شعبے میں اقلیتوں کا اہم کردارہے۔ تعلیم اورصحت کے شعبے میں اقلیتوں کی نمایاں خدمات ہیں،مسلم لیگ(ن)سمیت تمام سیاسی جماعتوں میں اقلیتوں کے نمائندے موجود ہے، قومی اسمبلی،سینیٹ سمیت تمام صوبائی اسمبلیوں میں اقلیتوں کا حصہ ہے، قومی اقلیتی کمیشن کو مزید فعال کرنے کی منظوری دے دی گئی ہے۔ نوجوانوں  کیلئے خصوصی سکالرشپس حکومت کی ترجیح ہے، یوتھ پروگرام کے تحت بھی اقلیتوں کومواقع فراہم کییجا رہے ہیں، بجٹ میں اقلیتوں کے لئے خصوصی حصہ مختص کیا گیا ہے۔ ہمیں اقلیتی برادری پر فخر اور ناز ہے، پاکستان اْجالوں، امن، ہم آہنگی اور برداشت کی سرزمین ہے، پاکستان میں نفرت اور دہشت گردی کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔انہوں نے کہا دہشت گردی کیخلاف جنگ میں قوم پاک فوج کیساتھ کھڑی ہے، انہوں نے تقریب میں ہندوبرادری کے ہمراہ دیوالی کا کیک بھی کاٹا۔دریں اثناء شہبازشریف نے ملکی صنعتی پیداوار کو بڑھانے کیلئے پاور ڈویژن کو جامع اور موثر پالیسی سفارشات تشکیل دینے کی ہدایت  کرتے ہوئے کہا ہے کہ  زراعت اور صنعت کے شعبے کو ہر ممکن سہولت بہم پہنچانا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، ملک میں بجلی کی پیداوار کی زیادہ سے زیادہ مثبت استعمال کو یقینی بنانے کیلئے پالیسی پر کام کیا جائے۔وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت پاور ڈویژن کی طرف سے ملک میں بجلی کی پیداوار اور پاور ڈویژن کے اصلاحاتی ایجنڈا پر جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں وزیراعظم کو پاور ڈویژن کی طرف سے ملک میں بجلی کی پیداوار اور اس کے جامع اور موثر استعمال پر ممکنہ اصلاحاتی پیکج پر بریفنگ دی گئی۔اس کے علاوہ وزیراعظم کو پاور ڈویژن کی طرف سے پالیسی سفارشات پر جاری کام اور دیگر اصلاحاتی ایجنڈے پر بریفنگ دی گئی۔وزیراعظم شہباز شریف نے وفاقی وزارت توانائی کو بجلی کی پیداوار کے موثر استعمال سے صنعتی پیداوار اور زرعی مصنوعات میں اضافے کیلئے جامع حکمت عملی ترتیب دینے کی ہدایات جاری کی۔انہوں نے سرمایہ کاروں اور صنعت کاروں کی سہولت کیلئے بھی پاور ڈویژن کو مختلف سفارشات مرتب کرنے کی ہدایات دیں۔شہباز شریف نے کہا کہ زراعت اور صنعت کے شعبے کو ہر ممکن سہولت بہم پہنچانا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے