آڈیو لیکس کمیشن کی تشکیل کے خلاف درخواست پر سماعت 21 نومبر کو ہوگی‘ عدالتی ملازمین کو اپیل کا حق دینے کے کیس میں فریقین کو نوٹس جاری،سماعت دسمبر کے دوسرے ہفتے تک ملتوی
بینکنک آرڈیننس کے تحت اپیل کے معاملے پر کیس اور الجہاد ٹرسٹ بنام وفاق کیس کو نمٹا دیا‘ بانی پی ٹی آئی کے خلاف کیس بھی نمٹادیا‘کنونشن سنٹر کو ادارے کی پالیسی کے مطابق چلائیں:جسٹس جمال مندوخیل
اسلام آباد(آئی این پی‘مانیٹرنگ ڈیسک )سپریم کورٹ کے آئینی بینچ میں شامل جسٹس محمد علی مظہر نے انسداد دہشت گردی کے ایک کیس کی سماعت کے دوران ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ یہ بات ذہن نشین کر لیں آئینی بینچ ازخود نوٹس لے سکتا ہے۔آئینی بینچ کے سامنے انسداد دہشت گردی کے ایک کیس پر ازخود نوٹس کیس کی سماعت ہوئی۔وکیل درخواست گزار منیر پراچہ نے کہا کہ اس کیس میں مزید کارروائی کی ضرورت نہیں ہے، 26ویں آئینی ترمیم کے بعد اب سپریم کورٹ ازخود نوٹس لے ہی نہیں سکتی۔جسٹس محمد علی مظہر نے ریمارکس دئیے کہ وکیل صاحب ترمیم کے بعد صرف پروسیجر تبدیل ہوا ہے لیکن سپریم کورٹ اب بھی ازخود نوٹس لے سکتی ہے، فرق صرف یہ ہے کہ اب ازخود نوٹس آئینی بینچ میں چلے گا اور یہ بات ذہن نشین کر لیں آئینی بینچ ازخود نوٹس لے سکتا ہے‘ آئینی بینچ نے آرمی چیف کی مدتِ ملازمت میں توسیع کے خلاف درخواست سماعت کے لیے مقرر کرلی، جس پر جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں 7 رکنی آئینی بینچ 20 نومبر کو سماعت کرے گا۔ بینچ ڈیو لیکس کمیشن کی تشکیل کے خلاف درخواست پر سماعت 21 نومبر کو کرے گا۔‘سپریم کورٹ کے آئینی بینچ نے عدالتی ملازمین کو اپیل کا حق دینے سے متعلق کیس میں فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت دسمبر کے دوسرے ہفتے تک کے لیے ملتوی کردی۔ آئینی بینچ نے الجہاد ٹرسٹ بنام وفاق کیس کو غیر موثر ہونے کے سبب نمٹا دیا۔آئینی بینچ نے لیڈی ہیلتھ ورکرز کی سروس اسٹکچر سے متعلق تمام مقدمات یکجا کرکے فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے کیس کی سماعت ملتوی کر دی۔ غیرملکی بینک اکائونٹس چھپانے اور لوٹی ہوئی رقم کی ریکوری کے کیس میں ایف آئی اے اور ایف بی آر سے رپورٹ طلب کرتے ہوئے سماعت 2 ہفتے کیلئے ملتوی کردی۔ آئینی بینچ نے کنونشن سینٹر کے نجی استعمال پر بانی پی ٹی آئی عمران خان کے خلاف ازخود نوٹس کیس نمٹا دیا۔جسٹس امین الدین کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے 6 رکنی آینی بینچ نے کنونشن سینٹر کے نجی استعمال پر ازخود نوٹس کیس کی سماعت کی۔آئینی بینچ نے اٹارنی جنرل آفس سے جواب طلب کرلیا، آئینی بینچ کے سربراہ جسٹس امین الدین خان نے ریمارکس دئیے کہ اٹارنی جنرل صاحب اس معاملہ پر شاید واجبات بعد میں ادا کر دئیے گئے تھے۔جسٹس محمد علی مظہر نے ریمارکس دئیے کہ سوموٹو کیس میں سابق وزیراعظم کو بھی نوٹس کیا گیا تھا۔ جسٹس جمال مندوخیل نے اپنے ریمارکس میں کہا کنونشن سینٹر کو ادارے کی پالیسی کے مطابق چلائیں