آئینی بینچ کا ہلاکتوں پر ازخود نوٹس لینے کی استدعا مسترد

جو معاملہ ہمارے سامنے سرے سے ہے ہی نہیں، اسے نہیں دیکھ سکتے:جسٹس امین الدین
 کراچی جنگلات اراضی تجاوزات پر رپورٹ طلب ‘ فانا کی خیبر پختونخوا انضمام سے متعلق درخواست نمٹادی

اسلام آباد(آئی این پی ‘آن لائن) سپریم کورٹ کے آئینی بینچ نے پی ٹی آئی کے احتجاج کے دوران ہونے والی ہلاکتوں کے معاملے پر از خود نوٹس لینے کی استدعا مسترد کردی۔ سپریم کورٹ میں موسمیاتی تبدیلی اتھارٹی سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران  وکیل خیبرپختوانخوا حکومت کی جانب سے زبانی طور پر استدعا کی گئی جس میں انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز دونوں اطراف سے ہلاکتیں ہوئیں، آئینی بینچ ازخود نوٹس لے سکتا ہے۔ اس پر جسٹس مسرت ہلالی نے کہا  سپریم کورٹ میں پیش ہوکر سیاسی باتیں نہ کریں جب کہ جسٹس جمال خان مندوخیل نے کہا کہ یہ معاملہ ہماریسامنے نہیں ہے، اس پربات نہیں کرنا چاہتے۔  سربراہ آئینی بینچ جسٹس امین الدین خان نے ریمارکس دئیے کہ جو معاملہ ہمارے سامنے ہے نہیں، اسے نہیں دیکھ سکتے۔بعد ازاں عدالت کے آئینی بینچ نے ایڈیشنل ایڈووکیٹ خیبرپختونخوا کی ازخود نوٹس لینے کی زبانی استدعا مسترد کردی۔   آئینی بنچ نے کراچی جنگلات اراضی تجاوزات پر رپورٹ طلب کرلی ہے جبکہ دوسر ے مقدمے میں سپریم کورٹ فانا کی خیبر پختونخواہ کے انضمام سے متعلق درخواست نمٹادی۔