اسلام آباد (ویب ڈیسک): پاکستانی اداکارہ سارہ عمیر نے انکشاف کیا ہے کہ انہیں شوبز انڈسٹری میں ہراسانی کا سامنا کرنا پڑا اور انہوں نے ایک ہدایتکار کو شوٹنگ کے دوران سب کے سامنے تھپڑ رسید کیا۔
سارہ عمیر حال ہی میں ایک نجی ٹی وی چینل کے مارننگ شو میں بطور مہمان شریک ہوئیں جہاں انہوں نے خواتین اداکاراؤں کو درپیش ہراسانی کے مسائل پر کھل کر بات کی۔ انہوں نے بتایا کہ ایک مرتبہ وہ سندھ کے ایک چھوٹے سے قصبے میں شوٹنگ کے لیے گئیں جہاں ایک ہدایتکار نے ان کے ساتھ مسلسل نامناسب رویہ اختیار کیا۔اداکارہ نے تفصیل بتاتے ہوئے کہا:"ہم کھانے کی میز پر بیٹھے تھے جب ڈائریکٹر نے مجھے میز کے نیچے سے چھوا۔ پہلے میں نے چونک کر کرسی تبدیل کی، لیکن جب اس نے دوبارہ ایسا کیا تو مجھے یقین ہو گیا کہ یہ محض اتفاق نہیں۔"سارہ عمیر کے مطابق ہدایتکار بار بار اداکاراؤں کو ہدایات دینے کے بہانے چھو رہا تھا۔ جب اس نے انہیں دوبارہ نامناسب انداز میں چھوا، تو انہوں نے سب کے سامنے اسے تھپڑ مارا اور دوٹوک انداز میں کہا کہ وہ ایسے شخص کے ساتھ مزید کام نہیں کر سکتیں۔
انہوں نے شوبز کے بزرگ ہدایتکاروں کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ:"میں نے کاظم پاشا جیسے ہدایتکاروں کے ساتھ بھی کام کیا ہے جنہیں میں اپنا استاد مانتی ہوں۔ ان کا رویہ ہمیشہ شفیق اور باوقار ہوتا ہے، اگر وہ کبھی کسی اداکارہ کو چھوتے بھی ہیں تو وہ ایک باپ جیسے انداز میں پیار سے ہوتا ہے۔"انہوں نے مزید کہا کہ نوجوان ہدایتکاروں میں بہت سے لوگ بدتمیزی اور غیر اخلاقی رویوں کے مرتکب ہو رہے ہیں، جو انڈسٹری میں خواتین کے لیے ایک بڑا چیلنج بن چکا ہے۔یہ گفتگو شوبز انڈسٹری میں بڑھتی ہوئی ہراسانی کے خلاف ایک جرات مندانہ موقف سمجھی جا رہی ہے، اور سارہ عمیر کے اس انکشاف کو سوشل میڈیا پر بھی سراہا جا رہا ہے۔