لاہور(کرائم رپورٹر)ڈولفن اسکواڈ کی مختلف ٹیموں نے شہر بھر میں فرض شناسی سے ڈیوٹی سرانجام دیتے ہوئے سنگین جرائم کی بڑی وارداتیں ناکام بنا دیں۔ سیکٹر انچارجز کی قیادت میں ڈولفن جوانوں نے جرائم پیشہ عناصر کی کمر توڑ تے ہوئے اہم کامیابیاں حاصل کیں ڈی آئی جی آپریشنزفیصل کامران نے ایس پی ڈولفن اسکواڈ ارسلان زاہد کی سفارش پر نمایاں کارکردگی دکھانے والی ڈولفن ٹیموں کو تعریفی اسناد اور نقد انعامات سے نوازا۔فیصل کامران نے ڈولفن وپی آریو ٹیموں کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ میں ڈولفن ٹیمیں فرنٹ لائن فورس ہیں۔سیکٹر انچارج اور گشت پر مامور ٹیموں نے شاندار پیشہ ورانہ صلاحیتیں دکھائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ بہادری اور فرض شناسی سے لاہور پولیس جرائم کی شرح کو مزید نیچے لائے گی۔ محنتی اور بہادر اہلکار ہمارے اصل ہیرو ہیں، ان کی حوصلہ افزائی جاری رکھی جائے گی۔ انعامات حاصل کرنے والوں میں ڈولفن ٹیم نمبر 348، 152،226،231اور پی آریو ٹیم نمبر 88شامل ہیں۔ ڈولفن ٹیم نمبر 348 نے سٹاپ اینڈ سرچنگ کے دوران علی الصبح ایک مشکوک گاڑی کو روکا۔ دورانِ چیکنگ گاڑی سے3 ڈی وی آرز، ڈیڑھ کروڑ روپے پاکستانی اور ایک ملین بھارتی کرنسی برآمد ہوئی جو ملزم نے گاڑی کی سیٹ کے پیچھے چھپائے ہوئی تھیں۔ ابتدائی تفتیش کے دوران ملزم نے اشیاء نجی یونیورسٹی سے چوری کرنے کا اعتراف کیا۔ اسی طرح پی آر یو ٹیم 88 نے مشکوک رکشہ سے چوری شدہ 32 لیپ ٹاپ، 28 موبائل فونز اور نقدی برآمد کر لی۔ ڈولفن ٹیم نمبر 152 نے موٹرسائیکل سوار موبائل سنیچرز کو موقع پر گرفتارکر کے اسلحہ بھی برآمدکر لیا۔ اسی طرح ڈولفن ٹیم نمبر 226 نے ون فائیو کال پر فوری ریسپانڈ دیتے ہوئے موبائل چھیننے والے رکشہ ڈرائیور کوچند منٹوں میں ٹریس کر کے مسروقہ موبائل فون برآمدکرلیا۔ ڈولفن ٹیم ٹیم 231اور 823 و دیگر نے ون ویلنگ، پتنگ بازی ودیگر غیر قانونی سرگرمیوں ملوث عناصر کے خلاف بھرپور کارروائیاں کیں۔