ویب ڈیسک: صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے راولپنڈی میں بھارت کے خلاف حالیہ فضائی معرکے میں جامِ شہادت نوش کرنے والے اسکواڈرن لیڈر عثمان یوسف شہید کے گھر جا کر اہلِ خانہ سے ملاقات کی اور تعزیت کا اظہار کیا۔
صدر مملکت نے شہید کے والد اور خاندان کے دیگر افراد سے ملاقات کرتے ہوئے شہید کی وطن کے لیے عظیم قربانی پر قوم کی طرف سے خراجِ عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ:"قوم کو اپنے بہادر سپوتوں کی قربانیوں پر فخر ہے، ہم اپنے شہداء اور ان کے خاندانوں کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کریں گے۔"
قوم شہداء کے شانہ بشانہ، دشمن کو عبرتناک شکست پر پاک افواج کو سلام
صدر مملکت نے کہا کہ بھارتی جارحیت کے خلاف افواجِ پاکستان کی شاندار کارکردگی اور دشمن کو عبرتناک شکست پر پوری قوم پاک افواج کی قربانیوں اور بہادری کی معترف ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ:"ہماری فوج کے جوان دشمن کے سامنے سیسہ پلائی دیوار ہیں، جن کی بدولت وطن کی سرحدیں محفوظ ہیں۔"
فاتحہ خوانی، دعا اور صبر جمیل کی تلقین
صدر آصف علی زرداری نے شہید عثمان یوسف کے لیے فاتحہ خوانی کی، بلندی درجات اور اہلِ خانہ کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کی۔ اس موقع پر صدر مملکت نے کہا کہ ریاست اور قوم ہمیشہ شہداء کے لواحقین کے ساتھ کھڑی ہے، اور ان کی قربانیاں وطن کی تاریخ کا سنہری باب ہیں۔
شہداء کی قربانیاں ناقابلِ فراموش ہیں
اعلیٰ قیادت کی جانب سے شہداء کے اہلِ خانہ سے اظہارِ یکجہتی کا سلسلہ جاری ہے، جس سے یہ پیغام دیا جا رہا ہے کہ ملک کے تحفظ کے لیے جان کا نذرانہ دینے والے سپاہی کبھی تنہا نہیں ہوتے۔