اسلام آباد: صدر مملکت آصف علی زرداری نے جمعرات کے روز میجر عدنان اسلم اور میجر سید معیز عباس شاہ کے گھروں جا کر فاتحہ خوانی کی اور شہیدوں کے اہل خانہ سے تعزیت کی۔
صدر زرداری نے شہداء کی جرات، قیادت اور حب الوطنی کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی قربانیاں پاکستان کی اعلیٰ روایات کی عکاس ہیں۔ انہوں نے دونوں شہداء کے درجات کی بلندی اور اہل خانہ کے لیے صبر کی دعا بھی کی۔میجر عدنان اسلم بنوں میں دہشت گردوں کے حملے میں زخمی ہونے کے بعد شہید ہوئے جبکہ میجر سید معیز عباس شاہ جنوبی وزیرستان میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر کیے گئے آپریشن کے دوران بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشت گردوں کے خلاف بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہوئے۔صدر نے کہا کہ پاکستان دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہے اور شہداء کی قربانیاں ملک کے دفاع میں لازوال خدمات کی یادگار ہیں۔