ایئر چیف مارشل کا اسکواڈرن لیڈر عثمان یوسف شہید کے گھر جا کر اہلخانہ سے دلی تعزیت

ایئر چیف مارشل کا اسکواڈرن لیڈر عثمان یوسف شہید کے گھر جا کر اہلخانہ سے دلی تعزیت

راولپنڈی:چیف آف دی ایئر اسٹاف، ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو اسکواڈرن لیڈر عثمان یوسف شہید کے گھر راولپنڈی پہنچے جہاں انہوں نے فاتحہ خوانی کی اور شہید کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق، ایئر چیف نے شہید افسر کو زبردست خراج تحسین پیش کیا جنہوں نے حالیہ دشمن حملے کے دوران پاکستان ایئر فورس کے ایک آپریشنل ایئر بیس پر جان کا نذرانہ دے کر جام شہادت نوش کیا۔ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کا کہنا تھا کہ ہمارے شہداء کی قربانیاں ہمیشہ قوم کے دلوں میں زندہ رہیں گی اور ان کا احترام پوری عقیدت و احترام کے ساتھ کیا جائے گا۔ انہوں نے شہید کی درجات کی بلندی کے لیے دعا کی اور اہل خانہ کے لیے صبر و تحمل کی دعا بھی کی۔اس کے علاوہ، ایئر چیف نے کمبائنڈ ملٹری اسپتال (سی ایم ایچ) راولپنڈی کا دورہ کیا جہاں انہوں نے پاکستان ایئر فورس، پاکستان آرمی کے زخمی اہلکاروں اور دیگر زخمی شہریوں سے ملاقات کی۔

ایئر چیف نے زخمیوں سے فرداً فرداً ملاقات کی، ان کے حوصلے اور بہادری کو سراہا اور ان کے علاج معالجے کے بارے میں مکمل بریفنگ حاصل کی۔انہوں نے اسپتال انتظامیہ کو ہدایت دی کہ زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات اور مکمل انتظامی تعاون فراہم کیا جائے تاکہ وہ جلد صحت یاب ہو سکیں۔ایئر چیف کا کہنا تھا کہ پاکستان ایئر فورس ملک کی فضائی حدود کے دفاع کے لیے ہر قیمت پر پرعزم ہے اور اپنے بہادر جوانوں کی قربانیوں اور حوصلے کی شاندار روایت کو ہمیشہ قائم رکھے گی۔