رحیم یار خان میں چک 123 میں پیر کی صبح ساڑھے دس بجے دکان کی چھت گرنے سے 8 خواتین جاں بحق اور 65 خواتین زخمی ہو گئیں۔
واقعہ رقم کی تقسیم کے دوران پیش آیا، جب چھت پر خواتین کی تعداد بہت زیادہ ہو گئی، جس کے نتیجے میں چھت گر گئی۔
ہسپتال میں صورتحال
زخمیوں کو فوری طور پر زیدہ اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں اب تک مجموعی طور پر 76 زخمی لائے گئے۔ ان میں سے 16 زخمیوں کو ڈسچارج کر دیا گیا ہے جبکہ 45 زخمی زیر علاج ہیں۔ کمشنر بہاولپور ڈویژن مسرت جبین اور آرپی او غازی صلاح الدین شیخ موقع پر پہنچے اور زخمیوں کی تیمارداری اور انتظامات کا جائزہ لیا۔ زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر ہے اور ہسپتال انتظامیہ انہیں بہترین طبی امداد فراہم کر رہی ہے۔
تحقیقات اور اقدامات
بی آئی ایس پی کی چیئرپرسن سینیٹر روبینہ خالد نے واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ صدر آصف علی زرداری کی ہدایت پر سینیٹر روبینہ خالد فوری طور پر رحیم یار خان روانہ ہوئیں اور متاثرہ خاندانوں سے ملاقات کریں گی۔بی آئی ایس پی ہیڈکوارٹرز سے اعلیٰ سطحی کمیٹی بھی تحقیق کے لیے روانہ ہوئی ہے۔ کمیٹی 24 گھنٹوں کے اندر واقعے کی تفصیلی رپورٹ پیش کرے گی۔ ممکنہ غفلت پر متعلقہ پارٹنر بینک کو نوٹس جاری کیا گیا ہے اور بھاری جرمانہ عائد کیا جائے گا۔
مالی امداد اور تعاون
جاں بحق خواتین کے لواحقین کو 10 لاکھ روپے اور زخمی خواتین کو 3 لاکھ روپے کی مالی امداد فراہم کی جائے گی۔ بی آئی ایس پی کی جانب سے امدادی ادائیگیاں کل تک مکمل کر دی جائیں گی۔کمشنر اور حکام نے یقین دلایا کہ واقعے کی شفاف تحقیقات کی جائیں گی اور ذمہ داران کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی، جبکہ متاثرہ خاندانوں کو ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔