ویب ڈیسک:تھانہ حدود میران شاہ کے گاؤں تپی میں ایک دھماکے کے نتیجے میں کمرے کی چھت گرنے سے 2 خواتین جاں بحق ہوگئیں، جبکہ 3 بچوں اور 2 خواتین سمیت 5 افراد زخمی ہوئے ہیں۔
پولیس کے مطابق دھماکہ گاؤں کے ایک گھر کے اندر ہوا، جس سے کمرے کی چھت دھڑام سے نیچے گر گئی۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور امدادی ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچیں اور زخمیوں اور لاشوں کو میرانشاہ ہسپتال منتقل کر دیا۔ زخمیوں کی حالت تشویش ناک بتائی جا رہی ہے، جبکہ پولیس نے دھماکے کی نوعیت اور وجہ کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔پولیس کے مطابق دھماکے کے پیچھے کسی دہشت گردی یا تخریب کاری کے عمل کا شبہ نہیں ہے، تاہم مزید تفصیلات تحقیقات کے بعد سامنے آئیں گی۔ اہل علاقہ میں خوف و ہراس پایا جاتا ہے، اور اس سانحے کے بعد مقامی افراد نے حکام سے فوری طور پر حفاظتی اقدامات کی اپیل کی ہے۔