شکردرہ غرہ کلے میں افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے جہاں خالد مرحوم نامی شخص کے گھر کی چھت اچانک گرنے سے دو خواتین جاں بحق جبکہ دو بچیاں شدید زخمی ہوگئیں۔
ریسکیو 1122 کوہاٹ کے مطابق حادثے کی اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں اور ملبے سے متاثرہ افراد کو نکالنے کے بعد انہیں سول اسپتال شکردرہ منتقل کیا گیا۔حادثے میں جاں بحق ہونے والوں کی شناخت 50 سالہ خاتون (زوجہ خالد عمر) اور 20 سالہ خاتون (زوجہ فہیم اللہ) کے طور پر ہوئی ہے۔زخمی ہونے والوں میں 16 ماہ کی مومنہ بی بی (دختر فہیم اللہ) اور 12 سالہ بچی (نامعلوم، دختر نامعلوم) شامل ہیں، جنہیں فوری طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق چھت اچانک گرنے کی وجہ سے پورا گھر متاثر ہوا، تاہم حادثے کی اصل وجہ جاننے کے لیے مزید تحقیقات کی جا رہی ہیں۔ مقامی افراد نے بھی ریسکیو ٹیموں کے ساتھ مل کر امدادی کارروائیوں میں حصہ لیا۔یہ واقعہ علاقے میں افسوس اور غم کی فضا چھوڑ گیا ہے، جبکہ زخمی بچیوں کی حالت پر اہل علاقہ تشویش کا اظہار کر رہے ہیں۔