کراچی کے مختلف علاقوں میں پیر کی صبح پیش آنے والے حادثات میں خواتین اور بچوں سمیت کئی افراد زخمی ہوئے، جبکہ ایک خاتون جاں بحق ہو گئی۔
کورنگی سنگر چورنگی میں واٹر ٹینکر حادثہ
تفصیلات کے مطابق کورنگی سنگر چورنگی الحسن اسٹاپ کے قریب ایک تیز رفتار واٹر ٹینکر نے راہ گیر خواتین کو کچل دیا، جس کے نتیجے میں 40 سالہ زبیدہ خانم موقع پر جاں بحق اور اس کی 12 سالہ بیٹی کونین زخمی ہو گئی۔ دونوں کو فوری طور پر جناح اسپتال منتقل کیا گیا۔حادثے کے بعد مشتعل شہریوں نے واٹر ٹینکر کو آگ لگا دی، جبکہ ٹینکر کا ڈرائیور فقیر محمد فرار ہو رہا تھا۔ شہریوں نے اسے پکڑ کر تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد رینجرز کے حوالے کیا۔ فائر بریگیڈ کے عملے نے موقع پر پہنچ کر آگ بجھا دی، تاہم ٹینکر کا اگلا حصہ مکمل طور پر خاکستر ہو گیا۔رینجرز نے ڈرائیور کو مزید قانونی کارروائی کے لیے عوامی کالونی پولیس کے حوالے کیا۔ عوامی کالونی تھانے کے ایس ایچ او کے مطابق، حادثے کے خلاف متوفیہ کے شوہر محمد حسین کی مدعیت میں مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔
منگھوپیر میں ٹرک اور رکشے کے درمیان تصادم
ادھر منگھوپیر ناردرن بائی پاس اورنگی کٹ کے قریب، مزدا ٹرک اور چنگچی رکشے کے درمیان تصادم ہوا، جس میں بچوں اور خواتین سمیت 7 افراد زخمی ہو گئے۔ زخمیوں کو فوری طور پر عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا۔
زخمیوں میں شامل ہیں:
30 سالہ سمیری زوجہ شفیق اور اس کی بیٹیاں 3 سالہ عنایہ اور 4 سالہ سمیہ
27 سالہ پیر بخش ولد لال دین اور 8 سالہ حلیم ولد لال دین
35 سالہ عجیبہ زوجہ گھیدل اور 40 سالہ کریمہ زوجہ حنیف
ایس ایچ او انیس شیخ کے مطابق، مزدا ٹرک کا ڈرائیور حادثے کے بعد فرار ہو گیا، جبکہ پولیس نے ٹرک کو تحویل میں لے کر ڈرائیور کی تلاش شروع کر دی ہے۔