کراچی میں تیز رفتار ٹینکرز کی شہری جانوں کے لیے خطرہ بننے کا سلسلہ نہ تھم سکا۔
منگل کے روز سائٹ ایریا منگھوپیر روڈ پر ایک اور افسوسناک حادثے میں 21 سالہ نوجوان امیر معاویہ واٹر ٹینکر کی زد میں آکر موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا۔پولیس کے مطابق متوفی موٹرسائیکل پر سوار تھا کہ تیز رفتاری سے آنے والے واٹر ٹینکر نے کچل دیا۔ لاش کو عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا جہاں اس کی شناخت امیر معاویہ ولد محمد درویش خان کے نام سے کی گئی۔ نوجوان کا تعلق قصبہ کالونی سے تھا اور وہ بنوری ٹاؤن مدرسے میں زیر تعلیم تھا۔
واقعے کے بعد پولیس نے واٹر ٹینکر کو قبضے میں لے کر اس کے ڈرائیور سرفراز ولد شہباز کو گرفتار کر لیا ہے، جس کے خلاف قانونی کارروائی جاری ہے۔شہریوں نے ایک بار پھر حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ شہر میں بے قابو ٹینکرز کی رفتار اور لاپرواہی پر فوری قابو پایا جائے تاکہ مزید قیمتی جانوں کا ضیاع روکا جا سکے۔