کراچی کے علاقے یونیورسٹی روڈ پر شیخ زاید یونیورسٹی کے قریب واٹر ٹینکر کی ٹکر سے ایک موٹرسائیکل سوار جاں بحق ہوگیا، جبکہ حادثے کے بعد مشتعل افراد نے ٹینکر کو آگ لگا دی۔
ریسکیو حکام کے مطابق حادثے کے فوراً بعد امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچیں اور جاں بحق ہونے والے شخص کی لاش عباسی شہید اسپتال منتقل کی، جہاں اس کی شناخت سعد کے نام سے ہوئی۔حادثے کے بعد علاقے میں شدید اشتعال پھیل گیا اور مشتعل افراد نے حادثے میں ملوث واٹر ٹینکر کو نذرِ آتش کر دیا، جس کے باعث ٹینکر مکمل طور پر جل کر تباہ ہو گیا۔اطلاع ملتے ہی پولیس، ریسکیو اور فائر بریگیڈ کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں۔ فائر فائٹرز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے آگ پر قابو پا لیا، جبکہ پولیس نے علاقے کی صورتحال کو معمول پر لانے کے بعد واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔حادثے اور احتجاج کے باعث یونیورسٹی روڈ پر کچھ دیر کے لیے ٹریفک کی روانی شدید متاثر رہی، تاہم بعد ازاں ٹریفک کو بحال کر دیا گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ حادثے کی وجوہات اور دیگر پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے اور قانونی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔