ایرانی ویمنز فٹبال ٹیم کی کپتان زہرا قنبری نے آسٹریلیا میں پناہ کی درخواست واپس لے لی

ایرانی ویمنز فٹبال ٹیم کی کپتان زہرا قنبری نے آسٹریلیا میں پناہ کی درخواست واپس لے لی

زہرا قنبری نے آسٹریلیا میں ایرانی ویمنز فٹبال ٹیم کے دیگر 4 کھلاڑیوں کے بعد وطن واپس جانے کا فیصلہ کر لیا۔

ایران کی سرکاری خبر ایجنسی کے مطابق، زہرا قنبری آسٹریلیا میں پناہ کی درخواست سے دستبردار ہوگئی ہیں اور وہ جلد آسٹریلیا سے ملائیشیا روانہ ہوں گی، جہاں سے ایران واپس پہنچیں گی۔اس سے قبل تین کھلاڑیوں اور ایک اسٹاف ممبر نے بھی پناہ کی درخواست واپس لے کر وطن واپسی کا فیصلہ کیا تھا۔واضح رہے کہ آسٹریلیا میں اے ایف سی ایونٹ ختم ہونے کے بعد ایرانی ویمنز فٹبال ٹیم کی 6 ممبران آسٹریلیا میں رک گئی تھیں۔ آسٹریلوی حکام نے ان کھلاڑیوں کو سیاسی پناہ دینے کی پیشکش کی تھی۔ٹیم کی 6 میں سے 4 ممبران پہلے ہی اپنی درخواست سے دستبردار ہو چکی تھیں، اور کپتان زہرا قنبری کے اقدام کے بعد اب صرف ایک کھلاڑی ہی باقی رہ گئی ہے۔

آسٹریلیا کے وزیر داخلہ ٹونی برک کے مطابق ایرانی ٹیم کے تمام کھلاڑیوں اور معاون عملے کو پناہ کی پیشکش کی گئی تھی، تاکہ ایرانی قومی ترانہ نہ گانے کے باعث ممکنہ سزا سے بچا جا سکے۔

عرب میڈیا کے مطابق، ایرانی ویمنز فٹبال ٹیم کے 26 رکنی اسکواڈ میں سے صرف 6 کھلاڑی اور اسٹاف کے ایک رکن نے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر آسٹریلیا کی پناہ کی پیشکش قبول کی تھی، جبکہ باقی ٹیم 9 مارچ کو سڈنی سے واپس ایران جانے کے لیے کوالالمپور روانہ ہو گئی تھی۔