پاکستان ویمنز فٹبال ٹیم نے فیفا ویمنز فٹبال سیریز میں اپنی تاریخ کا پہلا میچ کھیلتے ہوئے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور ترککس اینڈ کیکوس آئی لینڈز کو 0-8 سے شکست دے دی۔
ذرائع کے مطابق قومی ٹیم نے میچ کے دونوں ہاف میں یکساں برتری دکھائی۔ پہلے ہاف میں 4 گول اسکور کیے گئے جبکہ دوسرے ہاف میں بھی مزید 4 گول کر کے حریف ٹیم پر مکمل غلبہ برقرار رکھا۔یہ پہلا موقع ہے کہ پاکستان ویمنز فٹبال ٹیم اس عالمی سیریز میں شریک ہوئی ہے اور آغاز ہی میں بڑی کامیابی حاصل کر کے اپنی صلاحیتوں کا بھرپور اظہار کیا ہے۔پاکستان ویمنز ٹیم اپنا اگلا میچ 12 اپریل کو موریطانیہ کے خلاف کھیلے گی۔صدر پاکستان ویمنز فٹبال فیڈریشن محسن گیلانی نے ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ویمنز فٹبال کا سنہری دور شروع ہو چکا ہے اور قومی کھلاڑیاں عالمی سطح پر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا رہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹیم نے اپنی شاندار کارکردگی سے پوری قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے۔