لاہور(کرائم رپورٹر)عید کی خریداری کے دوران شہریوں کو لوٹنے والی خواتین جیب تراش گینگ کو پولیس نے گرفتار کر لیا۔ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کے احکامات پر اچھرہ بازار میں خصوصی کارروائی کرتے ہوئے پولیس ٹیم نے رش کا فائدہ اٹھا کر جیب تراشی کرنے والی دو خواتین کو حراست میں لے لیاگرفتار ملزمان میں صائمہ اور نیلم شامل ہیں۔ پولیس نے ملزمان کے قبضے سے پرس اور دیگر سامان بھی برآمد کر لیا ہے۔پولیس حکام کے مطابق ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے جبکہ گینگ کے دیگر ممکنہ ساتھیوں کی تلاش بھی جاری ہے۔ترجمان ڈی آئی جی آپریشنز کے مطابق عید کی خریداری کے پیش نظر شہر کے مصروف تجارتی مراکز میں پولیس نفری اور پٹرولنگ میں اضافہ کر دیا گیا ہے۔ شہریوں کی سہولت اور رہنمائی کے لیے اہم مارکیٹوں میں پولیس ہیلپ ڈیسک بھی قائم کیے گئے ہیں۔خواتین خریداروں کی حفاظت لاہور پولیس کی اولین ترجیح ہے۔ شہری خریداری کے دوران محتاط رہیں اور کسی بھی مشکوک شخص کی فوری اطلاع پولیس کو دیں۔