لاہور (کرائم رپورٹر) مستی گیٹ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے دو رکنی جیب تراش گینگ گرفتار کرکے 10 موبائل فون، دو موٹرسائیکلیں، نقدی اور غیر قانونی اسلحہ برآمد کرلیا۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کی شناخت نیتھن مسیح اور سہیل کے نام سے ہوئی ہے۔ ملزمان شہر کے مختلف بازاروں، مارکیٹوں اور رش والے مقامات پر تاجروں اور خریداری کے لیے آنے والے شہریوں کو نشانہ بناتے تھے۔ وارداتوں کے دوران شہریوں کی جیبوں سے موبائل فون، نقدی اور دیگر قیمتی سامان چوری کرکے فرار ہوجاتے جبکہ مسروقہ سامان دور دراز علاقوں میں فروخت کردیتے تھے۔ پولیس نے ملزمان کے خلاف مقدمات درج کرکے مزید تفتیش شروع کردی ہے۔ ایس پی سٹی ارشد حیات کانجو نے کامیاب کارروائی پر ایس ایچ او مستی گیٹ محمد پرویز اور ان کی ٹیم کو شاباش دی۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ پولیس کی اولین ترجیح ہے، جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔