ماڈل ٹائون :ون ویلنگ ، ہلڑ بازی میں ملوث 61منچلے گرفتار

ملزم صبح سویرے اور رات گئے مین شاہراہوں پر ون ویلنگ کرتے :ایس پی
لاہور(کرائم رپورٹر)ماڈل ٹائون ڈویڑن پولیس نے خصوصی کریک ڈائون کے دوران ون ویلنگ اور ہلڑبازی میں ملوث 67 منچلوں کو گرفتار کر لیا۔ کارروائیاں فیروز پور روڈ اور کینال روڈ سمیت مختلف شاہراہوں پر کی گئیں جہاں ملزمان موٹر سائیکلوں پر خطرناک کرتب دکھا کر شہریوں کی جان و مال کو خطرے میں ڈال رہے تھے،پولیس کے مطابق ڈی آئی جی آپریشنز کی جانب سے ون ویلرز کے خلاف سخت نوٹس لینے کے بعد یہ خصوصی مہم شروع کی گئی۔ ایس پی ماڈل ٹائون شہربانو نقوی نے بتایا کہ ملزمان صبح سویرے اور رات گئے مین شاہراہوں پر ون ویلنگ اور ہلڑبازی کرتے تھے، جس کی ویڈیوز میں انہیں جان لیوا کرتب کرتے واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ گرفتار ملزمان کے زیر استعمال موٹر سائیکلیں پولیس تحویل میں لے لی گئی ہیں جبکہ ان کے خلاف مقدمات درج کر کے انہیں انویسٹی گیشن ونگ کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ایس پی شہربانو نقوی کا کہنا تھا کہ اپنی اور دوسروں کی جان کے لیے خطرہ بننے والے عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں۔