لاہور(کرائم رپورٹر) ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب کے احکامات پر صوبہ بھر میں ڈرائیونگ لائسنس کے اجراء کے عمل میں نمایاں تیزی آ گئی ہے۔ ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق گزشتہ دو ہفتوں کے دوران مجموعی طور پر 2 لاکھ 80 ہزار سے زائد ڈرائیونگ لائسنس جاری کیے گئے۔اعداد و شمار کے مطابق 88 ہزار سے زائد شہریوں نے نئے لرننگ لائسنس حاصل کیے جبکہ 95 ہزار سے زائد افراد کو ریگولر ڈرائیونگ لائسنس جاری کیے گئے۔ اسی عرصے میں 93 ہزار شہریوں نے اپنے لائسنس کی تجدید کروائی۔ اس کے علاوہ 1700 سے زائد انٹرنیشنل پرمٹس اور 750 سے زائد ڈپلیکیٹ لائسنس جاری کیے گئے۔ ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب محمد وقاص نذیر نے کہا کہ بغیر لائسنس ڈرائیونگ قانوناً جرم ہے اور خلاف ورزی پر سخت کارروائی جاری رہے گی۔