لاہور(کرائم رپورٹر) ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب کے احکامات پر صوبہ بھر میں ڈرائیونگ لائسنس کے اجراء کا عمل تیزی سے جاری ہے۔ ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق رواں ماہ کے ابتدائی 10 روز کے دوران ایک لاکھ 96 ہزار سے زائد ڈرائیونگ لائسنس جاری کیے گئے۔ اعداد و شمار کے مطابق 68 ہزار سے زائد شہریوں نے نئے لرننگ لائسنس حاصل کیے جبکہ اتنی ہی تعداد میں ریگولر ڈرائیونگ لائسنس جاری کیے گئے۔ اسی عرصے میں 57 ہزار سے زائد شہریوں نے لائسنس کی تجدید کروائی، 450 سے زائد افراد نے گم شدہ لائسنس دوبارہ حاصل کیے جبکہ 850 سے زائد شہریوں کو انٹرنیشنل ڈرائیونگ پرمٹ جاری کیے گئے۔ مزید 37 ہزار سے زائد افراد نے آن لائن لائسنسنگ سہولیات سے استفادہ کیا۔ ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ بغیر لائسنس گاڑی چلانے سے گریز کریں کیونکہ یہ قانوناً جرم ہے۔