لاہور (کرائم رپورٹر) نولکھا پولیس نے شہریوں کو دم کرنے کے بہانے رقم ہتھیانے والے ایک ملزم کو گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق ملزم ذوالفقار نے ایک نجی آٹو شاپ کے مالک کو دم کرنے کا جھانسہ دے کر 2 لاکھ روپے وصول کیے اور رقم لے کر فرار ہو گیا۔متاثرہ شہری کی اطلاع پر نولکھا پولیس نے مقدمہ درج کرکے فوری کارروائی کا آغاز کیا۔ ایس پی سٹی عاطف امیر کے مطابق ایس ایچ او نولکھا یونس خان نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ملزم ذوالفقار کو گرفتار کر لیا۔ملزم کو مزید تفتیش کے لیے انویسٹی گیشن ونگ کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم سے مزید پوچھ گچھ جاری ہے اور اس کے ممکنہ دیگر جرائم کے حوالے سے بھی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔