ڈکیتی کا ڈرامہ بے نقاب، رقم ہتھیانے کی کوشش ملزم گرفتار

ملزم اسد کو اس کے والد بشیر نے بینک میں رقم جمع کروانے کیلئے دی تھی
لاہور(کرائم رپورٹر)نشتر کالونی پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ڈکیتی کی جھوٹی واردات کا ڈرامہ رچانے والے ملزم کو گرفتار کر لیا۔ پولیس ترجمان کے مطابق ملزم اسد کو اس کے والد بشیر نے بینک میں رقم جمع کروانے کیلئے دی تھی تاہم ملزم نے رقم ہتھیانے کی غرض سے جھوٹی واردات کا منصوبہ بنایا۔ایس پی ماڈل ٹا ئون اسد علی کے مطابق ملزم نے پولیس ہیلپ لائن 15 پر کال کر کے اطلاع دی کہ دو نامعلوم افراد بینک سٹاپ کے قریب گن پوائنٹ پر اس سے رقم اور موٹر سائیکل چھین کر فرار ہو گئے ہیں۔ پولیس کی ابتدائی تحقیقات میں ملزم زیادہ دیر تک اہلکاروں کو چکمہ نہ دے سکا اور دورانِ تفتیش جرم کا اعتراف کر لیا۔ایس ایچ او نشتر کالونی کے مطابق ملزم کے قبضے سے موٹر سائیکل بھی بر آمد کر لی گئی ہے جبکہ مقدمہ درج کر کے مزید کارروائی جاری ہے۔ ایس پی ماڈل ٹا ئون اسد علی نے شہریوں کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ جھوٹی 15 کال کرنا سنگین نتائج کا باعث بن سکتا ہے