اسلحہ کی نمائش کرنے والے 10 ،پتنگ بازی پر 9افراد کو حراست میں لے لیا گیا
لاہور (کرائم رپورٹر) پولیس آپریشنز ونگ نے مختلف جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیوں کے دوران مجموعی طور پر 307 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ یہ بات ڈی آئی جی آپریشنز لاہور فیصل کامران نے اپنے بیان میں بتائی۔ڈی آئی جی آپریشنز کے مطابق غیر قانونی اسلحہ رکھنے اور اسلحہ کی نمائش کرنے والے 10 ملزمان کو گرفتار کرکے ان کے خلاف 10 مقدمات درج کیے گئے۔ ملزمان کے قبضے سے 10 پسٹل، ایک بندوق اور درجنوں گولیاں برآمد ہوئیں۔منشیات فروشوں کے خلاف کارروائیوں میں 23 ملزمان کو گرفتار کیا گیا جن سے 4 کلو 660 گرام چرس، 3 کلو 970 گرام آئس اور 50 لیٹر شراب برآمد کی گئی۔فیصل کامران کے مطابق پتنگ بازی ایکٹ کی خلاف ورزی پر 9 افراد، جوئے کے اڈوں کے خلاف کارروائی میں 19 ملزمان جبکہ کرایہ داری ایکٹ کی خلاف ورزی پر 14 افراد کو گرفتار کیا گیا۔اس کے علاوہ 218 اشتہاری مجرمان اور مفروران کو بھی گرفتار کیا گیا۔ موٹر سائیکل چوری میں ملوث 2 ملزمان کو بھی حراست میں لے کر ان کے قبضے سے 2 پسٹل برآمد کیے گئے۔ ڈی آئی جی نے کہا کہ امن و امان کے قیام کے لیے کارروائیاں جاری رہیں گی۔