انسانی سمگلروں کے سہولت کار سرکاری افسروں کے خلاف حالیہ تادیبی کارروائیوں کا آغاز خوش آئند ہے، تادیبی کارروائی کے بعد سخت تعزیری اقدامات بھی لئے جائیں:وزیراعظم

انسانی سمگلروں کی جائیدادیں ضبط کرنیکا حکم نشان عبرت بنایا جائے:شہبازشریف

دفتر خارجہ بیرون ملک سے انسانی سمگلنگ کا دھندا کرنے والے پاکستانیوں کیلئے متعلقہ ممالک سے رابطہ کرے ‘ ان کی  پاکستان حوالگی کے حوالے سے  اقدامات اٹھائے،ہوائی اڈوں پر بیرون ملک جانے والوں کی سکریننگ کا عمل موثر بنایا جائے

 وزارت اطلاعات و نشریات، وزارت داخلہ کے تعاون سے عوام میں بیرون ملک نوکریوں کیلئے  صرف قانونی راستے اختیار کرنے کی آگاہی مہم چلائے‘ٹیکینکل  ٹریننگ اداروں کی ترویج کی جائے :وزیراعظم کی اجلاس میں ہدایات

  اسلام آباد(آئی این پی )وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ ملک میں تمام انسانی سمگلنگ کے گروہوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے تاکہ وہ نشان عبرت بنیں۔وزیراعظم آفس  سے جاری بیان کے مطابق اپنی زیر صدارت ملک میں انسانی اسمگلنگ کے خلاف لیے گئے اقدامات کے حوالے سے جائزہ اجلاس کے دوران شہباز شریف نے انسانی سمگلنگ میں ملوث سرکاری اہلکاروں کے خلاف لیے گئے حالیہ اقدامات پر ایف آئی اے کو سراہا۔وزیراعظم  نے کہا کہ انسانی اسمگلروں کے سہولت کار سرکاری افسروں کے خلاف حالیہ تادیبی کارروائیوں کا آغاز خوش آئند ہے، سہولت کاروں کے خلاف تادیبی کاروائی کے بعد سخت تعزیری اقدامات بھی لیے جائیں، ملک میں تمام انسانی اسمگلنگ کے گروہوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے، تاکہ وہ نشان عبرت بنیں۔انہوں نے کہا کہ انسانی اسمگلروں کی جائدادوں اور اثاثوں کی ضبطگی کے لئے فوری  قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے، اس مکروہ دھندے میں ملوث تمام افراد کے خلاف استغاثہ کے عمل کو مزید موثر بنایا جائے،  استغاثہ کے لیے وزارت قانون و انصاف سے مشاورت کے بعد اعلی ترین درجے کے وکلا تعینات کیے جائیں۔وزیراعظم نے کہا کہ دفتر خارجہ بیرون ملک سے انسانی سمگلنگ کا دھندہ چلانے والے پاکستانیوں کے لیے متعلقہ ممالک سے رابطہ کرے اور انکی پاکستان حوالگی کے حوالے سے جلد از جلد اقدامات اٹھائے،  وزارت اطلاعات و نشریات، وزارت داخلہ کے تعاون سے عوام میں بیرون ملک نوکریوں کے لیے صرف قانونی راستے اختیار کرنے کی، آگاہی مہم چلائے۔شہباز شریف نے کہا کہ  ملک میں ایسیٹیکنیکل  ٹریننگ اداروں کی ترویج کی جائے جو عصر حاضر کے تقاضوں کے مطابق سرٹیفائیڈ پیشہ ور افراد بیرون ملک مارکیٹ کو فراہم کرسکیں ، ہوائی اڈوں پر بیرون ملک جانے والے افراد کی سکریننگ کا عمل مزید مثر بنایا جائے