لاہور (کرائم رپورٹر )اے این ایف کا ملک کے مختلف شہروں میں منشیات سمگلنگ کے خلاف کریک ڈائون، 7 کارروائیوں میں 3 ملزم گرفتار کر کے 8 کروڑ 72 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی208.643 کلو گرام منشیات برآمد کرلی۔ کارروائیوں کے دوران کراچی پورٹ سے دبئی جانے والی کھیپ میں مصالحے کے پیکٹس سے 164.160 کلو آئس، کوئٹہ میں کوریئر آفس سے آسٹریلیا بھیجے جانے والے پارسل سے 5 کتابوں میں جذب شدہ 4.6 کلو آئس ، راولپنڈی میں کوریئر آفس میں برطانیہ بھیجے جانے والے پارسل سے 1 کلو ہیروئن ، پشاور انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر جدہ جانے والے مسافر کے سامان میں موجود سلائی مشین میں چھپائی گئی 1.887 کلو آئس، راولپنڈی میں واقع کوریئر آفس میں ایک اور کارروائی میں دوحہ بھیجے جانے والے پارسل سے 2 عدد کمپیوٹر ٹیبلز میں چھپائی گئی 996 گرام آئس، ملتان روڈ لاہور پر بس ٹرمینل کے قریب مسافر کے ٹرالی بیگ سے 30 کلو چرس ، حیدرآباد میں جامشورو کے قریب بس میں سوار ملزم سے 5 کلو چرس اور 1 کلو آئس برآمد کی گئی۔گرفتار ملزموں کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا۔