سری لنکا اے کے ہاتھوں شکست کے بعد بھارت اے کے نوجوان بیٹر ویبھاؤ سوریا ونشی اور سری لنکن کھلاڑی کے درمیان تلخ کلامی اور ہاتھا پائی کے واقعے نے میچ کے بعد صورتحال کو کشیدہ بنا دیا۔
دمبولا میں جاری ون ڈے سہ فریقی سیریز کے ایک سنسنی خیز مقابلے میں سری لنکا اے نے سپر اوور میں بھارت اے کو شکست دے دی۔ مقررہ اوورز کے بعد میچ برابر ہونے پر فیصلہ سپر اوور میں گیا، جہاں سری لنکن ٹیم نے بہتر کارکردگی دکھاتے ہوئے کامیابی حاصل کی۔میچ کے دوران کئی متنازع فیصلے بھی سامنے آئے۔ خراب روشنی کے باوجود سپر اوور کرایا گیا جبکہ ایک متنازع نو بال فیصلے کے باعث بھارتی کھلاڑیوں کو دوبارہ میدان میں واپس آنا پڑا۔ اس کے علاوہ بھارت اے کو پچ کے خطرناک حصے پر دو مرتبہ دوڑنے کے باعث 10 پینلٹی رنز بھی دیے گئے، جس سے میچ کا رخ بدل گیا۔
تاہم میچ کے اختتام پر میدان میں صورتحال اس وقت کشیدہ ہوگئی جب بھارتی نوجوان بیٹر ویبھاؤ سوریا ونشی اور سری لنکن کھلاڑی وشن ہالامبیج کے درمیان تلخ جملوں کا تبادلہ ہوا۔ تلخ کلامی کے دوران سوریا ونشی نے مبینہ طور پر سری لنکن کھلاڑی کی جانب ہاتھ اٹھایا، جس کے بعد میدان میں ہلچل مچ گئی۔صورتحال کو مزید بگڑنے سے بچانے کے لیے وکٹ کیپر نروشن ڈکویلا نے فوری مداخلت کی اور دونوں کھلاڑیوں کو الگ کیا، جس کے بعد معاملہ قابو میں آیا۔واضح رہے کہ اس میچ میں فتح کے بعد سری لنکا اے چار پوائنٹس کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست آ گیا ہے۔