زخمی کھلاڑی کو میدان سے باہر لے جانے والی میڈیکل کارٹ کی دوسرے کھلاڑی کو ٹکر

زخمی کھلاڑی کو میدان سے باہر لے جانے والی میڈیکل کارٹ کی دوسرے کھلاڑی کو ٹکر

ایکواڈور میں کھیلے گئے ایک فٹبال میچ کے دوران ایک غیر معمولی اور حیران کن واقعہ پیش آیا جب زخمی کھلاڑی کو میدان سے باہر لے جانے والی میڈیکل کارٹ نے غلطی سے دوسرے کھلاڑی کو ٹکر مار دی۔

یہ واقعہ لیگا پرو کے میچ میں پیش آیا جس میں ایل ناسیونال اور لیگا ڈی پورٹوویجو کی ٹیمیں آمنے سامنے تھیں۔میچ کے 71ویں منٹ میں پورٹوویجو کی ٹیم 0-1 سے برتری پر تھی جب ایک زخمی کھلاڑی کو طبی امداد کے لیے میڈیکل کارٹ کے ذریعے میدان سے باہر منتقل کیا جا رہا تھا۔ اسی دوران 36 سالہ کھلاڑی ایڈیسن کائیسیڈو، جو اس وقت کھیل کے دوران توجہ بٹنے کے باعث حرکت میں تھے، اچانک کارٹ کے راستے میں آ گئے۔غفلت کے باعث کارٹ اور کھلاڑی کے درمیان ٹکر ہو گئی، جس سے ایڈیسن کائیسیڈو زمین پر گر گئے اور انہیں ٹانگ پر چوٹ آئی۔ واقعے کے فوراً بعد ٹیم اسٹاف اور طبی عملہ موقع پر پہنچ گیا اور انہیں ابتدائی طبی امداد فراہم کی گئی۔

ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ کچھ افراد نے کارٹ ڈرائیور پر ناراضی کا اظہار کیا، تاہم رپورٹس کے مطابق کھلاڑی خود اچانک راستے میں آئے جس کے باعث حادثہ پیش آیا اور ڈرائیور کے پاس بچنے کا زیادہ وقت نہیں تھا۔خوش قسمتی سے ایڈیسن کائیسیڈو کو کوئی سنگین چوٹ نہیں آئی اور معمولی تکلیف کے باوجود وہ میچ مکمل کرنے میں کامیاب رہے۔میچ کے اختتام پر لیگا ڈی پورٹوویجو نے ایل ناسیونال کو 0-1 سے شکست دے دی۔