بھارتی ٹی20 ٹیم کی کپتانی کے بعد سوریا کمار یادیو ڈومیسٹک اسکواڈ سے بھی باہر

بھارتی ٹی20 ٹیم کی کپتانی کے بعد سوریا کمار یادیو ڈومیسٹک اسکواڈ سے بھی باہر

 بھارتی ٹی20 ٹیم کی کپتانی سے محرومی کے بعد سوریا کمار یادیو کو رانجی ٹرافی کے لیے ممبئی کے اسکواڈ میں بھی شامل نہیں کیا گیا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق دستیابی ظاہر کرنے کے باوجود سوریا کمار یادیو کو ممبئی کے 16 رکنی اسکواڈ کا حصہ نہیں بنایا گیا، جو 11 اکتوبر کو وانکھیڑے اسٹیڈیم میں چندی گڑھ کے خلاف اپنا پہلا میچ کھیلے گا۔رپورٹس کے مطابق ممبئی کرکٹ ایسوسی ایشن نے سوریا کمار یادیو سے ریڈ بال کرکٹ کھیلنے کے حوالے سے رابطہ کیا تھا، جس پر انہوں نے رانجی ٹرافی کے لیے دستیابی ظاہر کی۔ تاہم چیف سلیکٹر راجیش پوار کے مطابق 36 سالہ بیٹر نے تقریباً ڈیڑھ سال سے فرسٹ کلاس کرکٹ نہیں کھیلی، اس لیے دوبارہ ٹیم میں شامل کیے جانے سے قبل انہیں میچ پریکٹس کی ضرورت ہے۔سوریا کمار یادیو نے گزشتہ رانجی سیزن میں 3 میچز کی 5 اننگز میں 109 رنز بنائے تھے، جن میں 2 نصف سنچریاں شامل تھیں۔

ممبئی کی قیادت سدھیش لاڈ کریں گے جبکہ انڈر 19 ورلڈکپ کے فاتح کپتان آیوش ماتھرے نائب کپتان ہوں گے۔ یشسوی جیسوال بھی اسکواڈ میں شامل ہیں۔سوریا کمار یادیو کے لیے رانجی ٹرافی میں واپسی اس لیے بھی اہم سمجھی جارہی ہے کہ وہ بھارتی ٹی20 ٹیم کی کپتانی سے محروم ہوچکے ہیں اور آئی پی ایل ان کا واحد باقاعدہ مسابقتی فارمیٹ رہ گیا ہے۔